ہم بولتے کم اور کام زیادہ کرتے ہیں، بزدار، ارباب رحیم کی ملاقات

ہم بولتے کم اور کام زیادہ کرتے ہیں، بزدار، ارباب رحیم کی ملاقات

مختصر مدت میں جو کام کر چکے ہیں وہ سابق حکومتیں 70 برسوں میں نہیں کر سکیں،پسند و نا پسند کے کلچر کو ختم کر دیا ، سابق حکمرانوں نے کام کم کیا لیکن ڈھنڈورا زیادہ پیٹا،ترقی کے سفر میں دیگر صوبوں کو بھی ساتھ لیکر چلیں گے

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ارباب غلام رحیم نے پنجاب کا عوام دوست اورریکارڈ ڈویلپمنٹ بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ویژن کی تعریف کی اورکہا کہ آپ کا صوبے کی یکساں ترقی کا ویژن قابل تحسین ہے ۔ عثمان بزدار نے کہا کہ مختصر مدت میں جو کام کر چکے ہیں وہ سابق حکومتیں 70 برسوں میں نہیں کر سکیں ۔ ہم بولتے کم اور کام زیادہ کرتے ہیں۔سابق حکمرانوں نے کام کم کیا لیکن ڈھنڈورا زیادہ پیٹا۔ ماضی کی حکومت نے اداروں کو سیاسی مداخلت کے ذریعے تباہ کیا۔ ہماری حکومت نے اداروں کو خود مختار بنایا ہے اور میرٹ پر تعیناتیاں کی ہیں ۔ پنجاب میں ذاتی پسند و نا پسند کے کلچر کو ختم کر کے میرٹ کو فروغ دیا ہے ۔ پنجاب میں تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی ترقی کے لئے نئے مالی سال کے بجٹ میں بہت زیادہ اضافہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 560 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے صوبے کا ہر ضلع ترقی کی نئی منازل طے کرے گا ۔ ترقی کے سفر میں دیگر صوبوں کو بھی ساتھ لے کر چلیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں