لاہورمیں عید کے تینوں دن بارش کی پیش گوئی
لاہور میں عید کے تینوں دن بارش کے قوی امکانات ہیں
لاہور(سہیل احمد قیصر)محکمہ موسمیات نے 19 جولائی سے لاہور میں اچھی بارشیں برسانے والے نظام کے آنے کی نوید سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں 19جولائی سے بارشیں برسانے والے ایک نئے نظام کے آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ شہر میں اچھی بارشیں متوقع ہیں جن کا سلسلہ ممکنہ طور پر تین روز تک جاری رہ سکتا ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ کئی سالوں سے عید الاضحی کے دن بارشوں کا سلسلہ دیکھنے میں آرہا ہے اور اس مرتبہ بھی یہی صورت حال برقرار رہنے کی اُمید ہے ۔ اس تناظر میں شہر میں صفائی کے ذمہ دار اداروں کی طرف سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جانوروں کی الائشیں مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔ بلدیہ کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران الائشیں اِدھر اُدھر پھینکنے سے تعفن پھیل سکتا ہے ۔ روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایل ڈبلیو ایم سی کے ترجمان جمیل خاور کا کہنا تھا کہ عید پر شہر میں صفائی کی صورت حال برقرار رکھنے کے تمام ممکنہ اقدامات اُٹھائے ہیں تاہم شہریوں کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔