فواد، سواتی کیخلاف الیکشن کمیشن کا ایکشن : دونوں وزرا کو الزام تراشی پر نوٹس بھیجنے کا فیصلہ، اسکے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائیگی، وزیر ریلوے سے ثبوت مانگے جائینگے

فواد، سواتی کیخلاف الیکشن کمیشن کا ایکشن : دونوں وزرا کو الزام تراشی پر نوٹس بھیجنے کا فیصلہ، اسکے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائیگی، وزیر ریلوے سے ثبوت مانگے جائینگے

چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کی زیرصدارت اہم اجلاس ،الزامات مسترد، پیمرا کوایوان صدر، سٹینڈنگ کمیٹی کارروائی ،پریس بریفنگ ریکارڈ پیش کرنے کاحکم ، الیکشن کمیشن کا احترام اپنی جگہ لیکن شخصیات کے سیاسی کردار پر بات کرنا پسند نہیں تو اپنا کنڈکٹ غیر سیاسی رکھیں، نوٹس آیا تو تفصیلی جواب دینگے :وزیراطلاعات کاٹویٹ

اسلام آباد (وقائع نگار،ایجنسیاں)وفاقی وزرافوادچودھری اور اعظم سواتی کیخلاف الیکشن کمیشن نے ایکشن لے لیا۔دونوں وزرا کو الزام تراشی پر نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ، اسکے بعد مزید کارروائی عمل میں لا ئی جا ئیگی ،وزیرریلوے سے ثبوت مانگے جائینگے ۔تفصیل کے مطابق الیکشن کمیشن نے حکومتی وزرا کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی پرزور تردید اور مسترد کرتے ہوئے وزیر ریلوے اعظم خان سواتی سے ثبوت مانگ لئے ہیں جبکہ اعظم سواتی اور فواد چودھری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید کارروائی عمل میں لانے کافیصلہ کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے پیمرا سے متعلقہ ریکارڈ بھی طلب کرلیا ۔ چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندرسلطان راجہ کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا۔ ممبران الیکشن کمیشن نثار احمد درانی اور شاہ محمد جتوئی سمیت الیکشن کمیشن کے سینئر افسران شریک ہوئے ۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر لگائے گئے الزامات کو زیر بحث لایا گیا ۔الیکشن کمیشن نے ان الزامات کی پرزور الفاظ میں تردید کی اور انہیں مسترد کردیا ۔صدرپاکستان اور سینیٹ سٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ کے دوران وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کی طرف سے الیکشن کمیشن پر جو الزامات عائد کیے گئے اس پر ان سے ثبوت مانگنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس کے علاوہ فواد چودھری کی طرف سے پریس بریفنگ کے دوران الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنرپر جن الفاظ میں الزام تراشی کی گئی اس پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ دونوں وزرا کو نوٹس جاری کئے جائیں تاکہ اس سلسلے میں مزید کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔ الیکشن کمیشن نے پیمرا سے متعلقہ ریکارڈ بھی طلب کر لیا اور دفتر کو حکم دیا کہ وہ ایوان صدر، سینیٹ سٹینڈنگ کمیٹی کی کارروائی اور پریس بریفنگ سے متعلق تما م ریکارڈ مرتب کر کے مزید کارروائی کے لئے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کر ے ۔ واضح رہے کہ قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں الیکشن (ترمیمی)ایکٹ 2021 میں مجوزہ ترامیم پر تبادلہ خیال کے دوران اعظم سواتی نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن ہمیشہ دھاندلی میں ملوث رہا ہے اور ایسے اداروں کو آگ لگا دینی چاہیے ۔انہوں نے الیکشن کمیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ کمیشن نے رشوت لے کر انتخابات میں دھاندلی کی۔اسی شام وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے آلہ کار کے طور پر کام کرنا چاہتے ہیں لیکن اگر انہیں سیاست کرنی ہے تو الیکشن کمیشن چھوڑ کر الیکشن لڑیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا احترام اپنی جگہ لیکن شخصیات کے سیاسی کردار پر بات کرنا پسند نہیں تو اپنا کنڈکٹ غیر سیاسی رکھیں، نوٹس آیا تو تفصیلی جواب دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت ادارہ الیکشن کمیشن کی حیثیت مسلمہ ہے لیکن شخصیات غلطیوں سے مبرا نہیں اور تنقید شخصیات کے کنڈکٹ پر ہوتی ہے ادارے پر نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں