انسداد ڈینگی پلان پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کرونگا : بزدار

انسداد ڈینگی پلان پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کرونگا : بزدار

صوبہ بھرمیں موثر مہم چلانے ، قبائلی علاقوں میں گینگز کیخلاف کریک ڈاؤن کاحکم ،ایس ایچ اوتونسہ معطل ، چانڈ یا کے اعلان کا خیرمقدم ،کفایت شعاری سے وسائل بڑھے،کان کنوں بارے اقدامات کی رپورٹ

لاہور،ڈیرہ غازی خان(سیاسی رپورٹر سے ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے کہاہے کہ انسداد ڈینگی پلان پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کرونگا۔کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز ٹیموں کو متحرک کریں ۔وزیراعلیٰ نے قبائلی علاقوں میں گینگز کیخلاف کریک ڈاؤن کاحکم دے دیا۔ایس ایچ اوتونسہ کومعطل کردیا۔انہوں نے اظہر چانڈ یا کے پی ٹی آئی میں شمولیت کے اعلان کا خیرمقدم کیاہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کفایت شعاری سے وسائل میں اضافہ ہواہے ،کان کنوں کے معائنہ سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن کردی ہے ۔ عثمان بزدارنے انسداد ڈینگی کیلئے صوبہ بھر میں موثر مہم چلانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ محکمے اورادارے ڈینگی کی روک تھام کے لئے فعال انداز میں فرائض انجام دیں ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی پلان پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ انسداد ڈینگی پلان پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈز اور کاؤنٹرزپرمریضوں اورانکے تیمارداروں کو ضروری سہولتیں مہیا کی جائیں۔ ڈینگی کے مرض کو پنجاب میں پھیلنے سے بروقت روکنا ضروری ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے تونسہ، ڈیرہ غازی خان اور قبائلی علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر اور گینگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیدیا ، انہوں نے تونسہ کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری ثنا اللہ کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔وزیراعلیٰ کے حکم پر ایس ایچ او تھانہ صدر تونسہ کو معطل کردیا گیاہے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ لا اینڈ آرڈر میں بہتری کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں ۔ بنگلانی موڑ چوکیوالہ بارتھی روڈ پر پولیس چوکی قائم کی جائے ۔ علاوہ ازیں انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ حکومت کی کفایت شعاری اور شفافیت کے باعث صوبے کے ذاتی وسائل میں اضافہ ہوا ہے ۔صوبے کے ذاتی محصولات میں 27فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔سابق حکومت کے ذمے واجب الادا97ارب روپے سے زائد ادا کر دیئے گئے ۔دریں اثناوزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ سے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی اظہر عباس چانڈیا کے پی ٹی آئی میں شمولیت کے اعلان کا خیرمقدم کیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ مخالف جماعت کی منفی سیاست کے باعث ان کے اپنے بھی ساتھ چھوڑ رہے ہیں۔یہ سلسلہ رکے گا نہیں بلکہ مزید بڑھے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر میں کان کنوں کیلئے اقدامات کی تفصیل جاری کرتے ہوئے کہا کہ کان کنوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے معائنہ سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن کر دی گئی۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے سرگودھا پل111پر ریسکیوسکواڈ قائم کر دیا گیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں