شفا ف انتخابات سے الیکشن کمیشن کا مورال بلند ہوگا: گورنر سرور

شفا ف انتخابات سے الیکشن کمیشن کا مورال بلند ہوگا: گورنر سرور

حکومت کی نیت ٹھیک،اپوزیشن انتخابی اصلاحات کی مخالفت کرکے رکاوٹیں ڈال رہی ، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ترقی کیلئے اہم ،تاجروں کے مسائل حل کررہے ہیں،گفتگو

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ صاف و شفاف انتخابات سے الیکشن کمیشن کا مورال بھی بلند ہو گااور شفاف انتخابات کیلئے انتخابی اصلاحات لازم ہوچکی ہیں ، حکومت آئندہ عام انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے نیک نیتی سے کام کر رہی ہے ،اپوزیشن کا انتخابی اصلاحات کی مخالفت کر نا شفاف انتخابات میں رکاوٹ کے مترادف ہے ،اداروں کی مضبوطی موجودہ حکومت کی اولین تر جیح ہے ۔ اتوار کو گور نر ہائوس میں بزنس مین گوہر حبیب خان ،تحر یک انصاف کے اراکین اسمبلی اور میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے دن سے تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی اصلاحات کے معاملے پر مل بیٹھنے کی دعوت دے رہی ہے مگر اپوزیشن حکومت سے بات کر نے کی بجائے صرف انکار کر رہی ہے ۔ اس میں کوئی شک نہیں پاکستان میں جتنے بھی انتخابات ہوئے ان پرلوگ انگلیاں اٹھاتے رہے ہیں مگر حکومت چاہتی ہے کہ آئندہ عام انتخابات کو اتنا شفاف بنایا جائے کہ ہارنے والا امیدوار بھی انگلی نہ اٹھا سکے ،شفاف انتخابات کے لیے انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ۔انکا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن کی لانگ مارچ او ر دھمکیوں سے خوفزدہ ہوگی اور نہ ہی 2023سے پہلے حکومت کہیں جانیوالی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ملکی ترقی کے لیے بہت اہم ہے ، حکومت نے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا، جی ایس پلس سٹیٹس کی وجہ سے پاکستان کو 24ارب ڈالرز سے زائد کا فائدہ ہوچکاہے ، بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے گورنرہائوس کے دروازے کھلے ہیں ، انکے مسائل کو حکومت تر جیح بنیادوں پر حل کر رہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں