لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم 20نومبر سے ڈی جی آئی ایس آئی : وزیراعظم نے منظوری دیدی، نوٹیفکیشن جاری

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم 20نومبر سے ڈی جی آئی ایس آئی : وزیراعظم نے منظوری دیدی، نوٹیفکیشن جاری

عمران خان نے وزارت دفاع کی سمری میں شامل امیدواروں کے انٹرویو کئے، آرمی چیف جنرل باجوہ کی ملاقات، حتمی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا:وزیراعظم آفس کا اعلامیہ ، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19نومبر تک سربراہ آئی ایس آئی رہیں گے :نوٹیفکیشن، سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر، تقرری سے تمام افواہیں دم توڑ گئیں:شیخ رشید

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کی منظوری سے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی 20نومبر سے بطور ڈی جی آئی ایس آئی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سمری کے پیرا 6 میں شامل افسران کے پینل کے جائزے کے بعدلیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا ہے ،نوٹیفکیشن کا اطلاق 20 نومبر 2021 سے ہوگا اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر 2021ء تک بطور ڈی جی آئی ایس آئی کے فرائض انجام دیتے رہیں گے ،قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علیحدگی میں ملاقات کی ،بعد میں ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ملاقات میں شامل ہوگئے ،وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کی ملاقات کے حوالے سے جاری وزیراعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق ملاقات آئی ایس آئی میں کمان کی تبدیلی کے وقت اور نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے انتخاب کے حوالے سے مشاورتی عمل کا حصہ تھی، وزیراعظم آفس کو ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے حوالے سے وزارت دفاع نے فہرست ارسال کی ،وزیراعظم عمران خان نے فہرست میں شامل نامزد امیدواروں کے انٹرویوز کئے ، جس کے بعد حتمی مشاورت وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کے درمیان ہوئی تفصیلی مشاورت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کے نام کی منظوری دی گئی،وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے ، نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ، تمام افواہیں دم توڑ گئیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں