10 نومبر سے تمام پروازوں کو پوری گنجائش کیساتھ پاکستان آنے کی اجازت

10 نومبر سے تمام پروازوں کو پوری گنجائش کیساتھ پاکستان آنے کی اجازت

این سی او سی نے پروازوں کے لئے ٹریول پالیسی میں تبدیل کردی،10 ممالک سی ، بی کیٹیگری میں 6 ممالک شامل ، 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 561 نئے کیس ،11 اموات رپورٹ،مثبت کیسوں کی شرح 1.0 فیصد رہی

اسلام آباد، لاہور (خصوصی نیوز رپورٹر، نیوز رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے )نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنے ٹریول پالیسی میں تبدیلی کردی، تمام فلائٹس کو 10 نومبر سے پوری گنجائش کے ساتھ پاکستان آنے کی اجازت ہوگی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 561 نئے کیس جب کہ11 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان آنے والی پروازوں کے لیے ٹریول پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔این سی او سی نے 60 فیصد ویکسی نیشن والے شہروں سے پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے ۔ نئی ٹریول پالیسی میں کورونا کی شرح زیادہ ہونے پر دس ممالک کو کیٹیگری سی میں رکھا گیا ہے ،کیٹیگری سی میں آرمینیا، بلغاریہ، کوسٹا ریکا، عراق ،میکسیکو، منگولیا، سلوانیا، تھائی لینڈ اور یوکرین شامل ہیں۔ کیٹیگری بی میں 6 ممالک کو بھی شامل کیا گیا ہے ،کیٹیگری بی میں روس، ایران ، ایتھوپیا، جرمنی، فلپائن اور افغانستان شامل ہیں، کیٹیگری بی میں شامل ممالک پر کوئی سفری پابندی نہیں ہوگی۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے ویکسین 100فیصد ہونی چاہیے ، 6 سال اور اس سے زیادہ عمر کے مسافروں کے لیے پی سی آر رپورٹ لازمی قرار دی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ، پنجاب میں 5 ،خیبر پختونخوامیں 3 ، سندھ میں 2، آزاد کشمیر میں ایک مریض جاں بحق ہوا۔ کووڈ 19 کے 43 ہزار 914 ٹیسٹ کیے گئے ۔ صوبہ پنجاب میں کوروناکے 164 نئے کیسز سامنے آئے جب کہ کورونا کے 15,664 تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے ، مثبت کیسوں کی مجموعی شرح 1.0 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ادھر این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں 10 کروڑ69 لاکھ84 ہزار 156 افراد کی ویکسی نیشن کی جا چکی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں