دورہ بحرین،اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں

دورہ بحرین،اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے بحرین کا دورہ کیا، شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سمیت اعلیٰ سول و فوجی قیادت سے ملاقاتیں کیں

لاہور (نیوز ڈیسک)آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا نے دورہ بحرین کے دوران ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے بھی ملاقات کی جوکہ بحرین کے نائب سپریم کمانڈر اور وزیر اعظم ہیں،دونوں رہنماؤں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران جغرافیائی سٹریٹجک صورتحال، سکیورٹی چیلنجز اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر فریقین نے خطے اور اس کے باہر امن وسلامتی کیلئے کام کرنے کے عزم کو دہرایا۔ اس موقع پر معزز میزبانوں نے اس پر زور دیا کہ پاکستان اور بحرین برادرانہ تعلقات کی شاندار تاریخ رکھتے ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا ایک اہم ستون اور طاقت ہے ۔ قبل ازیں جنرل ندیم رضا نے بحرین ڈیفنس فورسز کے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل شیخ خلیفہ بن احمد الخلیفہ اور نیشنل گارڈز کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں، جن میں پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور زیر بحث آئے ۔ اس موقع پر چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے دونوں ملکوں کے مابین دفاع ، سکیورٹی اور تربیت میں موجودہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ بعدازاں جنرل ندیم رضا نے رائل کالج آف کمانڈ اینڈ سٹاف اور نیشنل ڈیفنس کالج کا دورہ کیا، جہاں وہ فیکلٹی کے ارکان، سینئر فوجی حکام اور زیر تربیت افسروں سے ملے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں