بدترین ٹریفک جام،گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں،شہری خوار

 بدترین ٹریفک جام،گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں،شہری خوار

کینال روڈ پر ہوٹل میں تقریب ، لوگوں نے سڑک پر گاڑیا ں پارک کردیں ، شام 6 بجے سے رات گئے تک لاہور کی سڑکوں پر شہری گاڑیوں میں محصور ، کینال روڈ ،مال روڈ، فیروزپور،جیل روڈ اوردیگرسٹرکیں گھنٹوں بند رہیں ، وارڈنز بے بس دکھائی دئیے ، سی ٹی او کی رانگ پارکنگ پرکارروائی کی ہدایت

لاہور (سپیشل کرائم رپورٹر،دنیا نیوز)اتوار کے روز شام 6 بجے سے رات گئے تک لاہور کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام،گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں، شہری خوار ہوتے رہے ،کینال روڈ اور دیگر ملحقہ سڑکوں پرلوگ محصور ہو کر رہ گئے ۔ٹریفک پولیس کی جانب سے ناقص انتظامات پر شہری پھٹ پڑے انتظامیہ کو کوستے رہے ۔ کینال روڈ ، مال روڈ، فیروز پور روڈ ،جیل روڈ ، علامہ اقبال روڈ، ٹھنڈی سڑک سمیت دیگر سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر رہی۔ ٹریفک وارڈنز بھی ٹریفک بحال کرانے میں بے بس دکھائی دئیے ۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق کینال روڈ پر رائل پام ہوٹل میں ہونے والے کنسرٹ کی وجہ سے ٹریفک نظام خراب ہوا۔ کنسرٹ میں آنے والے شرکا نے سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کردیں،ایک ہزار سے زائد گاڑیاں روڈ اور اطراف میں پارک کی گئیں،سی ٹی او لاہور منتظر مہدی خود موقع پر پہنچے اور رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ۔ ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ہوٹل انتظامیہ نے آگاہ کیے بنا پروگرام کا انعقاد کیا۔سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے رانگ پارکنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی ، ایس پی سٹی، ڈی ایس پی ٹریفک مغلپورہ بھاری نفری کے ہمراہ رات گئے تک موقعہ پر موجود رہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں