ایم این اے میجر (ر)طاہر صادق اپنی حکومت پر بر س پڑے

 ایم این اے میجر (ر)طاہر صادق اپنی حکومت پر بر س پڑے

نواسے ،نواسیاں گلاسگو گئے ، ٹین بلین ٹری منصوبہ میں خورد برد ہوئی :حکومتی رکن

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،این این آئی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس میں ایم این اے میجر (ر) طاہر صادق اپنی حکومت پر بر س پڑے ، میجر( ر) طاہر صادق نے کہاکہ گلاسگو میں ہونے والی کانفرنس کوپ 26 میں شرکت کیلئے جانے والے وفد میں کرپشن ہوئی،وفد میں نواسے ،نواسیاں بھی شامل تھے ۔ ٹین بلین ٹری پراجیکٹ میں بھی خورد برد کی شکایات ہیں ۔کمیٹی نے کہا کہ بلین ٹری سونامی کے بارے میں انٹرنل انکوائری کر کے کمیٹی کو آگاہ کیا جائے ،کوپ کانفرنس26میں پاکستانی وفد پر کتنے اخراجات آئے ؟اور کیا کامیابیاں ملیں؟ اس حوالے سے تفصیلا ت فراہم کی جائیں ۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن منزہ حسن کی زیر صدارت ہوا ۔ رومینہ خورشید نے کہاکہ گلاسگو میں COP26کے دوران پاکستانی پویلین بالکل ویران تھے ۔پاکستانی سٹال پرصرف مارخور کی تصویرتھی،ریاض فتیانہ نے سچ بولا اورنوٹس بھی ملا۔ کمیٹی نے کہاکہ کون کون وزیراعظم کی اجازت سے گئے ؟رپورٹ جمع کرائی جائے ۔ وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا کہ میری بیٹی اور شوہر نے اپنے اخراجات خود برداشت کیے ۔ جن کی بیٹی اور رشتہ داروں کے نام کے ٹکٹس لیے گئے ہیں وہ خود کلیئر کروائیں۔ ٹین بلین ٹری کے بارے میں بھی ضرور انکوائری ہونی چاہیے ،ٹین بلین پر بین الاقومی نہیں پی ایس ڈی پی کے 14ارب خرچ ہو رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں