لاہور ضمنی الیکشن :پیپلز پارٹی ہدف حاصل کرنے میں کامیاب

لاہور ضمنی الیکشن :پیپلز پارٹی ہدف حاصل کرنے میں کامیاب

عام انتخابات سے چھ گنا زیادہ ووٹ حاصل کرکے غیر معمولی کارکردگی دکھائی

اسلام آباد (طارق عزیز)لاہور کے حلقہ این اے 133کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی اپنا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہی، عام انتخابات سے چھ گنا زیادہ ووٹ حاصل کر کے غیر معمولی کارکردگی دکھائی، پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے 30 ہزار ووٹوں کا ٹارگٹ مقرر کیا تھاجو آسانی سے حاصل کر لیا گیا جس سے اس بات کا عندیہ ملا ہے کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں آئندہ الیکشن میں خاطر خواہ ووٹ،نشستیں حاصل کر سکتی ہے اس مقصد کے لئے الیکٹ ایبلز کو پیپلز پارٹی میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی نے این اے 133 کے بائی الیکشن میں 30 ہزار ووٹ کا ٹارگٹ مقرر کیا تھاجبکہ 2018 کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی نے 5585 وو ٹ حاصل کئے تھے ۔ آصف زرداری نے اس الیکشن میں ذاتی دلچسپی لی اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو انتخابی مہم کی ذمہ داری سونپی جبکہ پلوشہ خان اور دیگر ارکان پارلیمنٹ ، پارٹی عہدیدار ان کی معاونت کے لئے مہم کے دوران موجود رہے ۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ کم ٹرن آئوٹ اور آدھے ووٹ حاصل کرنے کے باوجود ن لیگ کی برتری میں دو ہزار کا اضافہ ہوا ، پرویز ملک نے گزشتہ الیکشن میں 12 ہزار کی لیڈ سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ضمنی الیکشن میں ان کی اہلیہ شائستہ پرویز نے یہ الیکشن تقریباً 14 ہزار کی لیڈ سے جیتا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں