یوم پاکستان پر مارچ کی کال دینا غیر اخلاقی اقدام :وزرا

  یوم پاکستان پر مارچ کی کال دینا غیر اخلاقی اقدام :وزرا

اپوزیشن کال اپریل میں لے جائے : شیخ رشید، فواد ، فرخ حبیب

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ یوم پاکستان پر پی ڈی ایم کا مارچ کی کال دینا ایک انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور غیر اخلاقی اقدام ہے ۔ وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے پی ڈی ایم کے مارچ کی کال پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا 23 مارچ کو افواج پاکستان قومی دن پر روایتی پریڈ کرتی ہیں جس میں پاکستانی عوام سمیت غیر ملکی سفیر اور مندوب بھی شرکت کرتے ہیں۔ پریڈ کی تیاری کے حوالے سے دارالحکومت اسلام آباد کو سکیورٹی الرٹ پر رکھا جاتا ہے ۔ تیاری کے لئے بعض راستے دو تین روز قبل بند بھی کردئیے جاتے ہیں ، ایسے وقت پر مارچ کی کال ملک دوستی نہیں، مناسب ہوگا کہ پی ڈی ایم مارچ کی کال اپریل میں لے جائے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات فوادچودھری نے کہا 23 مارچ کا دن بھی آ جائے گا، آپ بھی یہاں ہیں، ہم بھی یہاں ہیں، دیکھ لیں گے ،مولانا فضل الرحمان کی باتیں ٹائیں ٹائیں فش ثابت ہوں گی،مولانا فضل الرحمان کی کوشش رہی ہے کہ یہ سسٹم ختم ہو کیونکہ کہ وہ اس سسٹم کا حصہ نہیں،23 مارچ پاکستان کی قوم کیلئے اہم دن ہے ، یہ قوموں کو جوڑنے کا دن ہے ، قوموں کو ایک دوسرے سے الگ کرنے کا دن نہیں۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا استعفوں کا خواب چکنا چور ہوگیا، فضل الرحمان کے چہرے پر آج مایوسی کے بادل چھائے ہوئے تھے ۔ ٹویٹ میں فرخ حبیب نے کہا کہ سیاسی بے روزگاروں کا ٹولہ لوٹ مار بند ہونے سے بے چینی کا شکار ہے ، آر یا پار والے بری طرح خوار ہورہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں