شکایات کیلئے پورٹل لانچ کررہے ہیں:وفاقی ٹیکس محتسب

شکایات کیلئے پورٹل لانچ کررہے ہیں:وفاقی ٹیکس محتسب

ہیلپ لائن بھی قائم کی جارہی،شہری واٹس ایپ پربھی شکایات درج کراسکتے ، سسٹم وی بوک سے منسلک کیاجارہا:آصف جاہ،چیمبرآف کامرس میں خطاب

لاہور(اکنامک رپورٹرسے )وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ٹیکس دہندگان کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے پورٹل لانچ کررہے ہیں، اس حوالے سے ہیلپ لائن بھی قائم کی جارہی ہے ،جبکہ شہری واٹس ایپ پربھی شکایات درج کراسکتے ہیں۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا نظام کو مزید موثر اور فعال بنایا جارہا ہے ، کاروباری برادری کی سہولت کیلئے سیالکوٹ، سرگودھا، ایبٹ آباد اور سکھر میں چار نئے علاقائی دفاتر قائم کیے گئے ہیں جبکہ لاہور چیمبر میں بھی جلد ہی سہولیات ڈیسک قائم کیا جائے گا، شکایات کے ازالے کیلئے وزیراعظم کے پورٹل کی طرز پر وفاقی ٹیکس محتسب کا بھی ایک پورٹل لانچ کیا جارہا ہے ، ایک ہیلپ لائن بھی قائم کی جارہی ہے جبکہ لوگ واٹس ایپ کے ذریعے بھی اپنی شکایات بھیج سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کے ازالے کے سسٹم کو وی بوک کے ساتھ منسلک کیا جارہا ہے ۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر ، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں