سینیٹ الیکشن،شوکت ترین کیخلاف تحریری اعتراض جمع

سینیٹ الیکشن،شوکت ترین کیخلاف تحریری اعتراض جمع

اعتراض جے یوآئی کے امیدوارظاہرشاہ نے کیا،شوکت ترین کراچی کے رہائشی ، کے پی میں 25اکتوبرکوبلدیاتی الیکشن شیڈول جاری ہوا، ترین کاووٹ کیسے منتقل ہوا

پشاور(بیورورپورٹ)ایوان بالا کی خالی نشست پرکاغذات کی جانچ پڑتال آج ہو گی ،جے یو آئی کے امید وارظاہرشاہ نے پی ٹی آئی کے سینیٹ امیدوارشوکت ترین کے خلاف تحریری اعتراض جمع کرادیا،اعتراض میں کہا گیا ہے کہ شوکت ترین کراچی کا مستقل رہائشی ہے ،شوکت ترین کی عارضی رہائش اسلام آباد میں ہے جبکہ 28نومبرکو شوکت ترین نے سینیٹ انتخابات کے اعلان کے بعد مردان میں ووٹ رجسٹرڈ کرایا ،اعتراض میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا میں 25 اکتوبر کو بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کیا گیا اورشیڈول کے اجراء کے بعد کیسے شوکت ترین کے ووٹ کو کراچی سے مردان منتقل کیا گیا ،شوکت ترین کے ووٹ کو رجسٹرڈ کرنے کے لیے مروجہ طریقہ کار کو نظر اندازکیا گیا،صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم کامران کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے معمولی نوعیت کے اعتراضات آئے ہیں جن کا جواب دینگے ، مشیر خزانہ اور پی ٹی آئی کے امیدوار شوکت ترین نے اعتراض کا جواب جمع کرانے کے لئے آج دوپہر ڈھائی بجے تک کا وقت مانگ لیا۔سینیٹ کی نشست پی ٹی آئی کے سینیٹر محمد ایوب کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھی ،سینیٹ نشست کے لیے پولنگ 20 دسمبر کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہوگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں