حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے کوئی بھی طریقہ اپنانا چاہئے :مریم

حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے کوئی بھی طریقہ اپنانا چاہئے :مریم

لاہور( اپنے سیاسی رپورٹر سے )مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ چند دن کی وزارت عظمیٰ کی خاطر نشان عبرت بن جانا گھاٹے کا سودا ہے ۔

انہوں نے لکھا کہ عمران خان صاحب کی اپنی جما عت ا ن سے وزیراعظم ہوتے ہوئے جو سلوک کر رہی ہے ، جھوٹے ،سازشی اور ظالم شخص کا یہی انجام ہوتا ہے ۔ یہی اللہ کا نظام ہے جس پر دنیا چلتی ہے ۔یہ ابھی صرف شروعات ہے ۔دوسری طرف مریم نواز نے پارٹی کے سینئر رہنما پرویز رشید کی قیمہ نان کھاتے ہوئے تصویر شیئر کردی۔

ٹویٹ میں انہوں نے لکھا لاھوری کھانا ! خان بابا کا قیمہ نان۔ادھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اب عوام کے کہنے پر چلنا پڑے گا،اس حکومت کو گھر بھجوانے کے لیے کوئی طریقہ اپنانا چاہیے ، پہلے مجھے لگتا تھا کہ اس حکومت کو مدت پوری کرنی چاہیے لیکن مری واقعہ پوری دنیا کے سامنے ہے ۔

حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے کوئی بھی طریقہ آزمانا پڑے تو آزمانا چاہیے ۔ وہ گزشتہ روز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین کے گھر گئیں جہاں انہوں نے انکی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ بلال یاسین نے میری والدہ کے الیکشن میں بہت کام کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اس حکومت کی نااہلی نالائقی ساری دنیا کے سامنے ہے ، مری میں لوگ برفباری سے نہیں ان کی بے حسی سے مرے ہیں، خاندانوں کے خاندان مر گئے یہ ہیٹر لگاکر گھروں میں سوتے رہے ، لوگ مرتے رہے ان کی مدد کے لیے کوئی نہیں آیا،مریم نواز نے کہا کہ عوام کو پتا ہے سچ کیاہے جھوٹ کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ خاندانوں کے خاندان اجڑ گئے ، مری میں 36 گھنٹے کوئی متاثرین کی مدد کو نہیں آیا، عوام عذاب میں عوام مبتلا ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں