اسلام آبادبلدیاتی انتخابات وزارت سائنس کی ووٹنگ مشینیں فراہم کر نے سے معذرت

اسلام آبادبلدیاتی انتخابات  وزارت سائنس کی ووٹنگ  مشینیں فراہم کر نے سے معذرت

اسلام آباد (وقائع نگار)وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ (ای وی ایم)مشینیں فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جوابی خط ارسال کردیا۔

ذرائع کے مطابق وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے الیکشن کمیشن کے خط کے جواب میں اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں ای وی ایم مشینوں کی فراہمی سے معذرت کی ہے ۔جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خود مشین تیار نہیں کر سکتی، جو مشینیں بطور ماڈل دکھائی گئیں وہ پرائیویٹ کمپنی کی تیار کردہ تھیں اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ابھی تک کوئی الیکٹرانک مشین کی خریداری تک نہیں کی۔وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ذرائع نے بتایا کہ مشینوں کو پیپرا قوانین کے تحت خریدنا الیکشن کمیشن کا ہی استحقاق ہے ۔

الیکشن کمیشن مروجہ قوانین کے تحت آنے والے انتخابات کیلئے مشینوں کی خریداری کا عمل شروع کرے ۔وزارت نے یقین دہانی کرائی کہ الیکشن کمیشن کو ای وی ایم کے پر اجیکٹ کیلئے پی سی ایس آئی آر میں جگہ فراہم کی جائے گی جبکہ الیکشن کمیشن کو ای وی ایم کے معاملے پر تمام قانونی تعاون کیلئے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے پرائیویٹ کمپنیوں سے ای وی ایمزکی خریداری پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کیلئے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے 3900 مشینیں طلب کی ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں