ڈالر کی قیمت کہیں رک نہیں رہی ، انجام کیا ہو گا ؟

 ڈالر کی قیمت کہیں رک نہیں رہی ، انجام کیا ہو گا ؟

اسلام آباد(دنیا نیوز)دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ کے میزبان نے کہا ہے ڈالر کی قیمت کسی مقام پر رک نہیں رہی ، معلوم نہیں اس کا انجام کیا ہو گا۔

 اس کی مختلف قیمتوں کا مسئلہ حل ہی نہیں ہو رہا ، ایکسچینج مارکیٹ نے کیپ ریٹ ختم کرنے کا عندیہ دیا تھا فیصلہ ہوا تھااس کا ریٹ 253 کر دیا جائے گا لیکن اس پرعمل درآمد نہیں ہوا ۔ پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے جنرل سیکرٹری ایکسچینج کمپنیز ایسو سی ایشن ظفر پراچہ نے کہا ڈالرکی قیمت بارے طے ہوا تھا اسے اوپن چھوڑ دیا جائے گا ،ہم نے میٹنگ میں کہا ڈالر نہیں مل رہا ا سے مارکیٹ میں لایا جائے ، ہماری کمیٹی نے یہ دیکھا کہیں ڈالر کی قیمت 253 پرلے جانے سے ہائپ نہ بن جائے ، فیصلہ ہوا ابھی صرف 2 روپے بڑھاتے ہیں ، پھر انتظار کرتے اور دیکھتے ہیں ،ہم چاہتے ہیں ڈالر کی بلیک مارکیٹنگ ختم ہو اسے اوپن کیا جائے تاکہ کاروباری افراد کا اعتماد بڑھے ۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئرصحافی معاشی امور مہتاب حیدر نے کہا ڈالر کے معاملے پر حکومت سخت امتحان میں گرفتار ہے ، اس نے اعلان تو کر دیا ، ڈالر سے فوری کیپ کس طرح ختم کیا جائے مخمصے میں ہے ، حکومت کو سب سے پہلے اپنے اخراجات کم کرنے ہوں گے ، آئی ایم ایف پروگرام میں مزید سختیوں کا ذکر ہے اور پابندیاں بڑھنے کا امکان ہے ۔ پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا فواد چودھری کو صبح لاہور سے گرفتار کیا گیا ان کے گھر والوں کے مجھے فون آنا شروع ہو گئے ہم نے ان کی لوکیشن ٹریس کر لی۔انہوں نے کہا پولیس کو ہائی کورٹ کے کسی آرڈر کی پروا نہیں تھی ، جب کیس ہائیکورٹ کے جج صاحب کے پاس پہنچا تو انہیں بھی کوئی خاص دلچسپی نہیں تھی۔حماد نے کہااب سیاستدانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا ہونا ہے ،عزت ،ذلت،موت خدا کے ہاتھ ہے ، حکمران ہوش کے ناخن لیں ، ملک کو چلنے دیں ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں