ترقی کے اہداف اتحاد سے ہی حاصل کئے جاسکتے :صدر علوی

ترقی کے اہداف اتحاد سے ہی حاصل کئے جاسکتے :صدر علوی

کوئٹہ (این این آئی)صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں 19سال بعد قومی کھیلوں کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے ، بلوچستان ایک پر امن صوبہ ہے جہاں صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد ممکن ہے ،منظم انداز میں قومی سطح کے ان کھیلوں کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز 34 ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ ، صوبائی وزیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ ، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی بھی موجود تھے ۔صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنے ذاتی پیسوں سے 1948 میں جو ٹرافی خرید کی تھی وہ آج بھی بلوچستان میں موجود ہے اور قائد اعظم کی بلوچستان اور کھیلوں سے محبت کا مظہر ہے قائد اعظم محمد علی جناح اور محترمہ فاطمہ جناح نوجوانوں کی مثبت سمت میں ترقی پر خصوصی توجہ دیتے تھے اور آج بھی ہمیں ان عظیم شخصیات کے راستوں پر گامزن رہنے کی ضرورت ہے ۔کوئٹہ میں نیشنل گیمز کے انعقاد سے پوری دنیا پر واضح ہوا کہ بلوچستان ایک پرامن اور محفوظ صوبہ ہے موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے بلوچستان میں قیام امن کے لئے کوششیں کیں جو بار آور ثابت ہوئیں ،یہ صوبہ بلا شبہ زرخیز اور معدنی دولت سے مالا مال خطہ ہے جو پورے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا موجب بن سکتا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں