5صنعتی شعبوں میں سالانہ 956 ارب ٹیکس چوری کا انکشاف

اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستان میں صرف 5 صنعتی شعبوں میں سالانہ 956 ارب روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے ۔
بین الاقوامی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اپساس
کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان میں رئیل اسٹیٹ، تمباکو، ٹائر، آٹو لبریکینٹ، ادویات اور چائے کے شعبے شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں سالانہ 500 ارب، تمباکو انڈسٹری 240 ارب، چائے 45 ارب ، ادویات 65 ارب ، ٹائرز اور آئل لبریکینٹ کے شعبے میں سالانہ 106 ارب کی ٹیکس چوری ہورہی ہے ۔ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ متذکرہ شعبوں میں ٹیکس چوری پر قابو پانے سے سرکاری ترقیاتی پروگرام کی کل لاگت کو پوراکیا جا سکتا ہے ، اس رقم سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مکمل مالی اعانت بھی کی جاسکتی ہے ، وفاقی تعلیمی بجٹ میں 10 گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن اشفاق تولہ نے کہاہے کہ سمگلنگ اور ٹیکس چوری کے خاتمے کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں، معیشت کے حوالے سے جلد بہتر حالات دیکھنے کو ملیں گے ۔