کینیڈا میں ہردیپ سنگھ کا قتل، سکھ کمیونٹی کا پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ
لاہور(آئی این پی)سکھ کمیونٹی نے کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کا بھارت کو ذمہ دارٹھہراتے ہوئے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سکھ کمیونٹی کے رہنما رمیش سنگھ اروڑا کا کہنا تھا کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی سکھوں کی ٹارگٹ کلنگ کر رہی ہے ، ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت ملوث ہے ، بھارت میں گزشتہ 40 برسوں سے سکھوں پرظلم ہورہا ہے ، کینیڈا کے وزیراعظم نے ہردیپ سنگھ کے قتل کا ذمہ دار بھارت کو قراردیا ہے ۔رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ بھارت کے اندرسے علیحدگی کی آوازیں اٹھ رہی ہیں، مودی سرکار نے تقسیم کی بنیاد رکھ دی ہے ، خالصتان تحریک دوبارہ جوش کے ساتھ اٹھے گی، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس معاملے پر آگے آنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جتنی دہشتگردی ہوئی اس کے پیچھے بھارت ہے ، بھارت میں اقلیتیں محفوظ نہیں۔