کیپٹن(ر)صفدر 2مقدمات سے بری جوڈیشل مجسٹریٹ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا

کیپٹن(ر)صفدر 2مقدمات سے بری  جوڈیشل مجسٹریٹ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا

لاہور (عدالتی رپورٹر)جوڈیشل عدالت لاہور نے کار سرکار میں مداخلت اور اشتعال انگیز تقریر کرنے پر درج دو مقدمات میں مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی بریت کی درخواستیں منظور کر لیں،دونوں مقدمات سے بری کردیا ۔

جوڈیشل مجسٹریٹ بلال منیر وڑائچ نے 14ستمبر کو بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا ۔ جمعرات کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے محمد صفدر کو دونوں مقدمات سے بری کردیا ۔جمعرات کے روز سماعت پر محمد صفدر اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے اور حاضری لگائی،عدالت کے روبرو بریت کی درخواست میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے موقف اختیار کیا تھا کہ مریم نواز کی پیشی کے موقع پر پولیس اہلکاروں کو فرائض کی انجام دہی سے روکنے کا جھوٹا الزام ہے ، کسی پولیس اہلکار کی وردی پھٹنے کا ذکر بھی صفحہ مثل پر موجود نہیں جبکہ کار سرکار میں مداخلت کی ویڈیو کی کوئی فرانزک رپورٹ پیش نہیں کی گئی ۔ مقدمات سے بری کیا جائے ۔ عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا اور گزشتہ روز محفوظ فیصلہ سنادیا۔پولیس تھانہ اسلام پورہ نے کیپٹن(ر)صفدر کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور اشتعال انگیز تقریر پر دو مقدمات درج کیے تھے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں