دنیا کے سستے ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر آگیا

دنیا کے سستے ترین شہروں میں  کراچی چوتھے نمبر پر آگیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا کے سستے ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر آگیا،دا اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شام کا دارالحکومت دمشق اور ایرانی دارالحکومت تہران دنیا کے سستے ترین شہر ہیں۔

 تیسرے نمبر پر لیبیا کا شہرطرابلس اور چوتھے نمبر پر پاکستان کا شہر کراچی موجود ہے ،دا اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی جانب سے دُنیا کے سستے اور مہنگے ترین شہروں کی یہ رینکنگ ہر برس جاری کی جاتی ہے ، پچھلے سال کراچی چھٹے نمبر پرتھا، اس سروے میں دُنیا کے 173 شہروں میں فروخت ہونے والی تقریباً 200 اشیا کی قیمتوں کا تجزیہ کیا گیا ہے جن میں کھانے پینے کا سامان، کپڑے ، پٹرول اور یوٹیلیٹی بِلز شامل ہیں،دُنیا کے سستے ترین شہروں کی فہرست میں اُزبکستان کا شہر تاشقند پانچویں، تیونس کا شہر تیونس چھٹے ، زمبیا کا شہر لوساکا ساتویں اور انڈیا کا شہر احمدآباد آٹھویں نمبر پر موجود ہے ۔دوسری جانب سوئٹزرلینڈ کا شہر زیورخ اور سنگاپور مشترکہ طور پر دنیا کے مہنگے ترین شہر قرار پائے ہیں، نیویارک اور جنیوا کو مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رکھا گیا جبکہ ہانگ کانگ تیسرے اور لندن چوتھے نمبر پر ہے ،اسی فہرست میں لاس اینجلس کو بھی ہانگ کانگ کے ساتھ رکھا گیا ہے ، پیرس کو پانچویں، تل ابیب اور کوپن ہیگن کو مشترکہ طور پر چھٹے اور سان فرانسسکو کو ساتویں نمبر پر رکھا گیا ہے ، رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ دنیا بھر میں پچھلے سال کے مقابلے میں مہنگائی میں 7.4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں