تاحیات نااہلی قانون میں ترمیم،سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی

تاحیات نااہلی قانون میں ترمیم،سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن ایکٹ میں تاحیات نااہلی کے قانون میں ترمیم کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے وکیل کو دلائل کی مہلت دے دی۔

 لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے شہری مشکور حسین کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن ایکٹ میں ترمیم کر کے تاحیات نااہلی کی مدت کو پانچ برس کردیا گیا ہے ،سپریم کورٹ آئین کے آرٹیکل 62ایف ون کی پہلے ہی تشریح کر چکی ہے ، الیکشن ایکٹ میں ہونے والی نااہلی کی ترمیم آئین اور قانون کے منافی ہے ، درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے اقدام کو کالعدم قرار دے ، دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت دلائل کی مہلت فراہم کرے جسے عدالت نے منظور کرلیا اور درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔دریں اثنا جسٹس شاہد بلال حسن نے سانحہ جڑانوالا کے متاثرین کو امداد نہ فراہم کیے جانے کے خلاف گریس بائبل فیلوشپ چرچ کی درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب اور ڈپٹی کمشنر جڑانوالہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی ،دوران سماعت وکیل نے موقف اختیار کیاکہ حکومت پنجاب کو متاثرین کی امداد کی درخواست دی پنجاب حکومت نے ابھی تک امداد فراہم نہیں کی لہذاعدالت جڑانوالہ متاثرین کو امداد فراہم کرنے کا حکم دے ،جسٹس شاہد بلال حسن نے کہاکہ آپ بے یارو مددگار لفظ کی وضاحت کریں، جذباتی نہ ہوں ہم مسیحی لوگوں کو پیار کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں