بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے تو ہین الیکشن کمیشن کی کارروائی ،جیل ٹرائل چیلنج کردیا

بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے تو ہین الیکشن کمیشن کی کارروائی ،جیل ٹرائل چیلنج کردیا

لاہور، اسلام آباد (کورٹ رپورٹر ، اپنے نامہ نگارسے ، مانیٹرنگ ڈیسک)بانی و سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی اور جیل ٹرائل کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا،درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو فریق بنایا گیا ہے ۔

سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر سمیر کھوسہ کی وساطت سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے غیر قانونی طور پر توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی شروع کر رکھی ہے ، جیل ٹرائل کا فیصلہ بھی غیر قانونی ہے ، الیکشن کمیشن نے 13 دسمبر کی تاریخ جیل میں فرد جرم کی کارروائی کے لیے مقرر کر رکھی ہے ، ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کا جیل ٹرائل کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے ،عدالت اوپن اور فری اینڈ فیئر ٹرائل کا حکم دینے کے ساتھ ساتھ درخواست کے حتمی فیصلے تک خفیہ ٹرائل کے ذریعے فرد جرم کی کارروائی بھی رو کنے کا حکم دے ۔ ادھر ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی درج مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات لینے کی درخواست سماعت کیلئے مقررکردی، جسٹس شہرام سرور چودھری کی سربراہی میں دورکنی بینچ کل 11 دسمبر کو سماعت کرے گا ۔علاوہ ازیں عدالت نے سوشل ایکٹویسٹ خدیجہ شاہ کی نظر بندی کے خلاف درخواست بھی سماعت کیلئے مقررکردی ،جسٹس علی باقر نجفی کل 11 دسمبر کو سماعت کرینگے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں