ملک میں کھاد کا بحران شدید،گندم کی فصل متاثر ہونیکا خدشہ

ملک میں کھاد کا بحران شدید،گندم کی فصل متاثر ہونیکا خدشہ

لاہور، ڈیرہ غازی خان (نیوز ایجنسیاں، اے پی پی )ملک کے مختلف شہروں میں کھاد کا بحران شدت اختیار کرگیا،گندم کی فصل متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، 3 ہزار 750 روپے والی یوریاکھاد کی بوری 5 ہزار 200 روپے میں فروخت ہونے لگی، کسان کھاد کے حصول کیلئے رل گئے ۔

ملک میں کھاد کی قیمت میں 15 روز میں 1500 روپے کا اضافہ ہوچکا،لاہور کے نواحی علاقوں میں ڈیلر اور ذخیرہ اندوز مصنوعی قلت کا جواز بنا کر یوریا کھاد کی بوری 5 ہزار 200 روپے تک فروخت کر رہے ہیں،ننکانہ صاحب میں کھاد بلیک میں 5 ہزارروپے تک پہنچ گئی جبکہ جنوبی پنجاب میں راجن پورسمیت دیگر اضلاع کے کسان کھاد کے حصول کے لیے در بدر بھٹکنے پر مجبورہیں ۔ کسانوں نے کھاد کی قلت پر ردعمل میں کہا ہے کہ کھاد کی قلت کے باعث خدشہ ہے فی ایکڑ پیداوار بہت کم ہوگی،ایک سال میں ہی 2500 روپے والی بوری 5200 تک جاپہنچی، انتظامیہ زبانی دعوؤں کے سوا کچھ نہیں کر رہی، یہی حال رہا تو گندم کی فصل کو دوسری بار کھاد دینا ممکن نہیں ہو گا ۔دوسری جانب نگران وزیرصنعت و تجارت گوہر اعجاز نے یوریا کھاد کی مصنوعی قلت کا سختی سے نوٹس لیتے کھاد بنانے والی فیکٹریوں کو ہدایت کی کہ پیداوار اور سپلائی میں کمی نہ آنے دیں،حکومت نے قلت کے پیشِ نظر درآمدی کھاد کے آرڈرز بھی کر دیئے ہیں، 20 دسمبر سے کھاد کے جہاز روزانہ کی بنیاد پر پورٹ پر پہنچنا شروع ہوں گے ۔ ادھر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 9 روز کے دوران کھاد کی زائد قیمت وصول کرنے والوں کومتعلقہ حکام نے 13 لاکھ7ہزار روپے جرمانہ کیا ۔اس حوالے سے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ کھاد کی زائد قیمتیں وصول کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، 5 ناجائز منافع خور گرفتار ،کھاد کی 85 بوریاں ضبط کرلی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں