محسن نقوی کی علی امین سے ملاقات،دہشتگردوں کیخلاف آپریشن تیز کرنیکافیصلہ

محسن نقوی کی علی امین سے ملاقات،دہشتگردوں کیخلاف آپریشن تیز کرنیکافیصلہ

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ملاقات کے لئے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور پہنچ گئے وزیرداخلہ کی وزیر اعلیٰ ہاؤس آمد پر علی امین نے ان کا خیر مقدم کیا۔

 ملاقات میں امن و امان اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا، ساتھ ہی دہشتگردوں کے خلاف  انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ، ملاقات میں محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ نے خود کش حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور چینی حکومت ،عوام اور مرنے والے چینی شہریوں کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، انہوں نے حملے کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم کیا ، محسن نقوی نے کہا کہ چینی شہریوں پر حملے میں ملوث عناصر قرار واقعی سزا سے نہیں بچ سکیں گے ۔ وزیرداخلہ نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے موثر کوآرڈی نیشن کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے عزم کو شکست نہیں دے سکتے ۔

 پوری طاقت سے ملک دشمنوں کو جواب دیں گے ، دہشتگردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے ،خیبرپختونخوا کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے ، علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ امن و امان موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ، اس مقصد کے لئے صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی، صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں