بھاری قربانیوں سے امن ہوا ،برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری:آرمی چیف

بھاری قربانیوں سے امن ہوا ،برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری:آرمی چیف

راولپنڈی (اے پی پی)پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان میں اگلے مورچوں پر جوانوں کے ساتھ عید الفطر منائی اور عید کی مبارکباد دی۔

آئی ایس   پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شمالی وزیرستان کے علاقوں میرانشاہ اور سپن وام کا دورہ کیا۔ انہوں نے اگلے مورچوں پر جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی۔آرمی چیف نے جوانوں کے ہمراہ پاکستان کے پائیدار استحکام اور خوشحالی کے لئے دعائیں کیں اور جوانوں کے قوم کے لیے غیر متزلزل جذبے اور خدمات کو سراہا۔ جنرل عاصم منیر کو آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سکیورٹی کی صورتحال اور پاک افغان سرحد کے ساتھ سرحدی حفاظتی اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔پاک فوج کے سربراہ نے قربانیوں سے حاصل امن کی حفاظت کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا بھاری قربانیوں سے حاصل امن کو برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا شہدا کی قربانیوں کی بدولت ضم شدہ اضلاع اور خیبر پختونخوا میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے محفوظ ماحول فراہم ہوا، قوم کی خدمت میں اپنے پیشہ وارانہ فرائض پر غیر متزلزل توجہ مرکوز رکھیں۔آرمی چیف نے امن و استحکام کیلئے فارمیشن کے کردار کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں