2سینئر افسروں کا آئی جی اسلام آباد کے ماتحت کا م سے انکار

2سینئر افسروں کا آئی جی اسلام آباد کے ماتحت کا م سے انکار

اسلام آباد(نمائندہ دنیا)پنجاب سے علی ناصر رضوی کی بطور آئی جی تعیناتی پر اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران بددل ہوگئے ۔ سینئر افسران نے جونیئر کے ماتحت کام کرنے سے صاف انکار کردیا۔

 دو سینئر افسران نے دفاتر چھوڑ کر پنجاب میں تبادلے کیلئے سرتوڑ کوششیں شروع کردیں۔ اسلام آباد میں تعینات گریڈ 20 کے ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز حسن رضا اور ڈی آئی جی سکیورٹی ملک محمد اویس نے اپنے سے جونیئر نئے تعینات ہونے والے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کے ماتحت کام کرنے سے انکار کردیا۔ دونوں افسران نے نئے آئی جی کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن کے بعد چھٹی کیلئے درخواستیں فائل کردیں تاہم چھٹی کی درخواستیں منظور نہ ہونے پر دونوں نے ڈیوٹی پر آنا چھوڑ دیا۔دوسری جانب آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے بھی افسران کو اپنی خواہش کے مطابق مستقبل کے فیصلے کا اختیار دے دیا ۔ دونوں سینئر افسران نے تبادلے کیلئے مختلف شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں