ہمیں مجبور کیا گیا تو ملک میں کوئی جہاز اترسکے گا نہ ٹرین چل سکے گی :محمود اچکزئی

ہمیں مجبور کیا گیا تو ملک میں کوئی جہاز اترسکے گا نہ ٹرین چل سکے گی :محمود اچکزئی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ8 فروری کوبانی پی ٹی آئی کی جماعت نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔

نواز شریف اور سب جماعتوں کے سربراہان کو کہتا ہوں اقتدار چھوڑ دیں آئین کی پاسداری کریں اور پاکستان کی ترقی کیلئے مل کر بیٹھیں، ہمیں مجبور کیا گیا تو پاکستان میں کوئی جہاز نہیں اتر سکے گا نہ کوئی ٹرین چل سکے گی اور نہ کوئی پہیہ چلے گا۔ ۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں تقریب سے خطاب اور بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام سے ہی ملک میں الائنس  بنتے رہے ہیں۔ جو فوجی افسر آئین کی بالادستی کا احترام کرے گا اس کو سلام کریں گے اور جو آئین کی خلاف ورزی کرے گا اس پر آواز اٹھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اس وقت پارلیمنٹ کی اکثریت کا لیڈر ہے ۔ یہ تقاضا کرتا ہے بانی پی ٹی آئی کو ضمانت پر رہا کر دیا جائے اور ٹرائل اوپن کورٹ میں ہو ، وہ کہیں نہیں بھاگے گا، اپنی عوام میں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس والوں سے کہوں گا آپ تھانوں میں لوگوں کے کپڑے اتارتے ہو ایسا کرنے والوں پر لعنت ہو۔ انہوں نے کہامریم نواز سے کہنا چاہتا ہوں اس کے والد کا سلوگن تھا ووٹ کو عزت دو ۔

وزیر اعلیٰ آئی جی کو ہدایت کریں کہ فیصل آباد جہاں سے اکثریت میں جیتی ہے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دے ۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ آج آئین پر عملدرآمد کرنے کا وقت آچکا ہے عوام کو یقین دلانے کی ضرورت ہے کہ انصاف سب کیلئے ضروری ہے ۔ 190 ملین پائونڈکے کیس میں بانی پی ٹی آئی پر ایک دھیلہ ثابت نہیں ہوا۔ فیصل آباد میں جلسے کی اجازت نہیں دی گئی اس کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے ۔ اسد قیصر نے کہا کہ اس وقت ملک میں آئین کو پامال کیا جارہا ہے ۔سابق گورنر لطیف کھوسہ نے کہا کہ آج ہمارے رہنمائوں کو گرفتار کیا گیا۔ ہم عوامی نمائندے ہیں عوام میں جائیں گے روک سکتے ہو تو روک لو۔ جو ووٹ کو عزت دو کا کہتا تھا اس کو شرم بھی نہیں آتی۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بھی سن لیں ، آئی جی پنجاب اور انتظامیہ بھی سن لے فیصل آباد میں ہر صورت جلسہ کریں گے ۔ بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ ورکرز کو مشکل میں نہیں پھنسانا چاہتے کسی کارکن کی طرف آنکھ اٹھی ہا تھ بڑھا تو آنکھ بھی نکالیں گے ۔ مجلس وحدت المسلملین کے راجہ ناصر عباس نے کہا کہ کشمیر کا وزیر اعظم کہتا میں نے رینجرز نہیں بلائی تو بتایا جائے کس نے بلائی ۔ ہم چپ نہیں بیٹھیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں