25سرکاری اداروں کی نجکاری کیلئے فہرست قومی اسمبلی میں پیش
اسلام آباد (دنیا نیوز، این این آئی) وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان نے نجی شعبہ کے حوالے کیے جانے والے 25 سرکاری اداروں کی فہرست قومی اسمبلی میں پیش کر دی۔
نجکاری فہرست میں سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور، جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد، پی آئی اے روزویلٹ ہوٹل ، پی آئی اے ، پاکستان ری انشورنس کمپنی، سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن ،فرسٹ ویمن بینک، سندھ انجینئرنگ لمیٹڈ، پاکستان انجینئرنگ کمپنی، بلوکی پاور پلانٹ، حویلی بہادر پاور پلانٹ، گڈو پاور پلانٹ ،نندی پور پاور پلانٹ ،فیصل آباد، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، پشاور، حیدر آباد، کوئٹہ، سکھر اور قبائلی الیکٹرک سپلائی کمپنیاں شامل ہیں ۔مالی سالوں میں ٹی سی پی نے کتنی گندم درآمد کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئیں جس کے مطابق2020-21 میں 17 لاکھ ایک ہزار 399 میٹرک ٹن گندم ٹی سی پی نے درآمد کی۔وزارت تجارت نے گندم کی درآمد سے متعلق تحریری جواب قومی اسمبلی میں پیش کر دیا جس میں کہاگیاکہ 2020-21میں 17 لاکھ ایک ہزار 399 میٹرک ٹن گندم ٹی سی پی نے درآمد کی، 2021-22 میں 22 لاکھ 10 ہزارمیٹرک ٹن گندم 784.19 ملین ڈالر میں خریدی گئی، 2022-23میں 26لاکھ 61 ہزار 31 میٹرک ٹن گندم خریدی گئی، 2022-23میں 1078.9 ملین ڈالر کی گندم خریدی گئی۔