شدید گرمی سے براحال،موہنجو داڑو کا 53درجہ حرارت

شدید گرمی سے براحال،موہنجو داڑو کا 53درجہ حرارت

لاہور،اسلام آباد ، کراچی (اپنے رپورٹرسے ، سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیا ں) اسلام آباد سمیت ملک بھر کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرارہے ،موہنجو داڑو میں پارہ 53، جیکب آباد 52اوردادو میں 51ڈگری سنٹی گریڈ کو چھو گیا۔

گرمی پر اکثر علاقوں میں بازار اور سڑکیں سنسان ہوگئیں ۔خانپور، خیرپور، لاڑکانہ، پڈعیدن، سکھر، سبی، روہڑی 50، رحیم یار خان، بھکر، ڈی جی خان، کوٹ ادو، شہید بینظیر آباد 49 ،نوابشاہ، سبی ، تربت،ملتان، ڈی آئی خان 48 ،بہاولپور،بہاولنگر، جھنگ، جوہرآباد، لیہ، قصور 47 ،مٹھی 46 ، بھکر ، رحیم یار خان ،سرگودھا ،نوکنڈی 45 ، لاہور ،جہلم،بنوں 43 ، ساہیوال ، فیصل آباد42 ،اسلام آباد 38اور کراچی میں درجہ حرارت 35سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ جیکب آباد میں لو چلنے پربازار ، سڑکیں سنسان اور درجنوں لوگ بے ہوش ہوگئے ، کراچی میں 10 روز میں گرمی کی شدت پر ہیٹ سٹروک کے 100 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج شام کے وقت گردآلود ہوائیں چلنے کے امکانات ہیں ۔ آج ملک کے بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لہرکے زیراثر رہیں گے تاہم شام اوررات کو گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے ۔گلیشیئرز پگھلنے اور سیلاب کا بھی خطرہ ہے ۔ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی شدید لہر اور ہیٹ ویو رواں ماہ برقرار رہے گی اگلے ماہ اس سے بھی سخت ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق لاہورکا درجہ حرارت 45 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں