الیکشن کمیشن:لاہور ہائیکورٹ کا الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

الیکشن کمیشن:لاہور ہائیکورٹ کا الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

اسلام آباد، لاہور (اپنے نامہ نگار سے ، کورٹ رپورٹر )الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کا الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی ہے ۔

الیکشن کمیشن کا مؤقف ہے کہ الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل الیکشن کمیشن کا اختیار ہے ،ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کے اختیارات استعمال نہیں کرسکتی، سپریم کورٹ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے ۔الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ اپیل سماعت کیلئے مقرر کی جائے ، ادھر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے الیکشن ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججوں کو بطور الیکشن ٹربیونل تعینات کرنے والے آرڈیننس کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 جون تک وضاحت طلب کر لی، سلمان اکرم راجہ نے موقف اپنایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے حکم جاری کیا کہ الیکشن کمیشن ہائیکورٹ کے جج کے نامزد کردہ جج تعینات کرنے کا پابند ہے ، الیکشن آرڈیننس 2024 میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کمزور کرنے کے لیے لایا گیا ہے ،استدعا ہے کہ ریٹائرڈ ججوں کو بطور الیکشن ٹربیونل قائم کرنا والے الیکشن آرڈیننس 2024 کو غیر قانونی قرار دیا جائے ، آرڈیننس کے تحت پنجاب میں بطور الیکشن ٹربیونل ریٹائرڈ ججز کی تعیناتی کو غیر آئینی قرار دیا جائے ، درخواست کے حتمی فیصلے تک، ریٹائرڈ ججز کو بطور الیکشن ٹربیونل قائم کرنے سے روکا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں