گندم کی قیمتیں بڑھتے ہی 20 کلو آٹے کا تھیلا 150 تک مہنگا

گندم کی قیمتیں بڑھتے ہی 20 کلو آٹے کا تھیلا 150 تک مہنگا

لاہور (عمران اکبر )گندم کی قیمت میں اضافے کے ساتھ ہی آٹے کے نرخ بڑھنے لگے ۔لاہور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1650 روپے سے بڑھ کر 1700 اور راولپنڈی میں1850 کا ہوگیا جبکہ 10 کلو کاتھیلا 800 سے بڑھ کر 850 روپے کا ہوگیا ۔

مارکیٹ    جبکہ لاہور میں گندم کی قیمت 2900 سے 2950 روپے من کر دی گئی ہے ۔ راولپنڈی ڈویژن میں گندم 3050 روپے من ہو گئی۔ چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا اورفلور ملز مالکان کا کہنا ہے آٹے کی قیمت میں اضافہ گندم کی وجہ سے ہوا ہے چند روز میں گندم 250 روپے من تک مہنگی ہوچکی ہے ،آئندہ بھی گندم اور آٹے کی قیمت بڑھنے کا امکان ہے روٹی کے نرخ بھی بڑھ سکتے ہیں ۔ دوسری جانب صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں گندم کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور گندم یا آٹے کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ محکمہ خوراک کے پاس 23 لاکھ ٹن گندم موجود ہے ۔ آٹے کی سپلائی میں کمی نہیں آنے دیں گے ۔ آٹے کی قیمت میں مصنوعی اضافے پرکارروائی ہو گی۔ صوبائی وزیر نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر آٹے کی ترسیل کو مکمل مانیٹر کیا جائے ۔چند کالی بھیڑیں مارکیٹ کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ عوام تک آٹے کی بلاتعطل اور سستے داموں فراہمی کیلئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ محکمہ خوراک کا عملہ فیلڈ میں موجود ہے ،گندم اور آٹے کی سپلائی و قیمتوں پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں