پنشن آخری دو برسوں کی تنخواہ کے70فیصد کے برابر :ای سی سی میں ترامیم منظور

پنشن آخری دو برسوں کی تنخواہ کے70فیصد کے برابر :ای سی سی میں ترامیم منظور

اسلام آباد(مدثر علی رانا،دنیا نیوز)اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے پے اینڈ پنشن کمیشن کی سفارشات پر پنشن سکیم میں ترامیم کی منظوری دے دی ۔پنشن فنڈ کے قیام، نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کیلئے ڈیفائنڈ کنٹری بیوٹری سکیم کی تجاویز بھی منظور ۔

 وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق سرکاری ملازم کو ریٹائرمنٹ سے دو سال پہلے کی تنخواہ کے 70فیصد کے برابر پنشن ملے گی۔ نئے سرکاری ملازمین کیلئے نئی پنشن سکیم کا اطلاق یکم جولائی 2024 اور مسلح افواج کیلئے نئی پنشن سکیم کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے ہو گا۔ملازمین 25سال نوکری کے بعدرضاکارانہ ریٹائرہوسکیں گے ، رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لینے پر 60سال عمر کو پہنچنے تک کم از کم 3فیصد اور زیادہ سے زیادہ 20 فیصد سالانہ پنشن سے کٹوتی ہوگی، پنشنرکو پنشن میں سالانہ اضافہ ریٹائرمنٹ کے وقت ملنے والی پنشن کی بنیادپر ہی ملے گا، پنشن میں سالانہ اضافہ علیحدہ رقم کے طور پرشمار ہو گا، چھٹی ترمیم میں پے اینڈپنشن کمیشن ہرتین سال بعدبیس لائن پنشن کاجائزہ لے گا، پنشنرکی وفات کے 10سال بعدتک فیملی کوپنشن مل سکے گی، حادثاتی طور پر ریٹائر ہونے والے کو ساٹھ سال عمرتک پنشن ملے گی، سرکاری ملازم کی موت کی صورت میں فیملی کو 25سال تک پنشن ملے گی، پنشنرزکے بچے کی جسمانی یاذہنی معذوری کی صورت میں عمربھرپنشن ملے گی، ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ سرکاری نوکری کرنے والے کو پنشن یاتنخواہ میں سے ایک ملے گی ، ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ نوکری پر صرف ایک محکمے سے پنشن ملے گی، میاں بیوی سرکاری ملازم ہوں توریٹائرمنٹ کے بعد دونوں کوپنشن ملے گی۔ علاوہ ازیں ای سی سی اجلاس میں وزارت اطلاعات کیلئے 36 کروڑ 62 لاکھ روپے گرانٹ ، یوم دفاع کی تشہیری مہم کیلئے 9 کروڑ 64 لاکھ فنڈز ، اولمپین ارشد ندیم کیلئے 25 لاکھ روپے انعام، پولیس میں سکریننگ ٹیسٹ کیلئے 2 کروڑ 91 لاکھ فنڈز، اسلام آباد پولیس کے پٹرولیم چارجز کیلئے 13 کروڑ گرانٹ، وزارت ہوابازی کے ملازمین کے اخراجات کیلئے 60 کروڑ 70 لاکھ گرانٹ، یونیورسل سروس فنڈ کو 11 ارب سے زیادہ کے فنڈز واپس کرنے ، وزارت ریلوے کے زیر التوا واجبات کیلئے 2 ارب روپے گرانٹ، ایف بی آر کے مختلف منصوبوں کیلئے 4 ارب 22 کروڑ روپے گرانٹ، ساتویں مردم شماری کے واجبات کی ادائیگی کیلئے 7 ارب 98 کروڑ روپے گرانٹ، سندھ حکومت کے واجبات کے ادائیگی کیلئے 12.1 ارب گرانٹ، ملٹری اکاؤنٹس اور اے جی پی آر کی پنشن ادائیگی کیلئے 8 ارب 62 کروڑ کی گرانٹ کی منظور دے دی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں