آج یوم عاشور ، لاہور میں مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد

آج یوم عاشور ، لاہور میں مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد

لاہور،اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ، سٹاف رپورٹر، اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر میں حضرت امام حسینٖؓ اور دیگر شہدائے کربلا کی یادمیں یوم عاشور آج انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایاجائے گا۔

 شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تعزیہ ، علم اورذوالجناح کے ماتمی جلوس برآمد ہوں گے ۔ لاہور سمیت ملک بھر میں منگل کے روز 9 ویں محرم الحرام کے ماتمی جلوس نکالے گئے ۔ لاہور میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جو خیمہ سادات میں نماز مغربین ادا کرنے اور مجلس کے بعد واپس اپنے روایتی راستے سے ہوتا ہوا پانڈو سٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، علاقے میں واک تھرو گیٹس لگائے گئے جبکہ خار دار تاریں، کنٹینر اور بیریئر لگا کر جلوس کی آمد گاہ اور راستے کو سیل کیا گیا۔دریں اثناء لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس رات گئے اندرون موچی گیٹ نثار حویلی سے برآمد ہوگیا ۔ نثار حویلی سے نکلنے والے ماتمی جلوس میں ہزاروں عزادار شریک ہیں،نثار حویلی میں شبِ عاشور کی مجلس عزا نماز مغربین کے کچھ بعد شروع ہوئی ابتدا میں نوحہ خوانی اور سوز خوانی ہوئی بعد ازاں علما و ذاکرین نے خطاب کیا ۔آخری مصائب علامہ امجد علی عابدی نے پڑھائے ۔مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا آج مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔جلوس کے راستے میں جگہ جگہ عزاداروں کیلئے ٹھنڈے پانی ،شربت اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئی ہیں جبکہ نیاز اور لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔پورے راستے میں سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ کراچی، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس اور عزاداری کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مختلف شہروں میں جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں