چکوال ،جھل مگسی،قلعہ عبد اللہ سے 3پولیو کیس رپورٹ
لاہور،کوئٹہ(این این آئی)پنجاب میں رواں برس پولیو وائرس کا پہلا کیس جبکہ بلوچستان کے اضلاع جھل مگسی اور قلعہ عبد اللہ سے دو کیس رپورٹ ہوئے ہیں ۔
انسداد پولیو پروگرام ذرائع کے مطابق ضلع چکوال سے پولیو کا رواں برس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ چکوال کا چھ سالہ بچہ پولیو میں مبتلا ہوا ہے ۔16 جولائی کو بچے میں پولیو کی علامات سامنے آئیں اور قومی ادارہ صحت نے پولیو کیس کی تصدیق کی۔چکوال میں کیس رپورٹ ہونے کے بعد پاکستان میں پولیو کیسز کی تعداد 12 ہوگئی ہے ۔ادھر محکمہ صحت حکام بلوچستان کے مطابق ضلع جھل مگسی میں پولیو کا نیاکیس رپورٹ ہوا ، 3 سالہ بچے میں پولیو کی تصدیق ہوئی ، ضلع قلعہ عبداللہ میں بھی پولیو کا نیا کیس رپورٹ ہوا ہے ، صوبے میں پولیووائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 9 ہوگئی ہے ،محکمہ صحت ذرائع کے مطابق رواں سال بلوچستان میں پولیو کے سب سے زیادہ 4کیسزقلعہ عبداللہ سے رپورٹ ہوئے ،کوئٹہ،چمن،ژوب،ڈیرہ بگٹی،جھل مگسی سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا، رواں سال صوبے کے متعدد اضلاع میں 65 سے زائد ماحولیاتی نمونوں میں پولیووائرس کی موجودگی پائی گئی ہے ۔