مہنگائی ،بجلی بلوں کیخلاف انار کلی کے بازاروں میں 3گھنٹے شٹرڈاؤن ہڑتال
لاہور (نیوزایجنسیاں)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی کی کال پر مہنگائی اور بجلی کے بھاری بلوں کیخلاف ٹوکن احتجاج کے طور پر انار کلی کے تمام بازاروں میں 3گھنٹے شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی۔
تاجروں نے کاروبار بند کر کے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا حکومت سے اپیل ہے کہ ہمارے مسائل حل کرے ، موجودہ حالات میں بجلی کے بھاری بلوں کی ادائیگی نا ممکن ہو گئی ہے ۔ تاجر وں نے حکومت کے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا ہے ،صوبائی دارالحکومت کے تمام تاجر ہڑتال کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم نے انہیں اس اقدام سے روکا ہے اورپہلے مرحلے میں ٹوکن احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا ۔ انار کلی کے تمام بازاروں میں تاجروں نے دو سے پانچ بجے تک کاروبار بند کر کے پر امن احتجاج ریکارڈ کرایا ، تاجروں نے کہا امید ہے کہ حکمران ہمارے مسائل حل بھی کریں گے ۔