حکمرانو! جو کچھ بنگلہ دیش میں ہوا تمہارا بھی وہی مقدر، حافظ نعیم

حکمرانو! جو کچھ بنگلہ دیش میں ہوا تمہارا بھی وہی مقدر، حافظ نعیم

راولپنڈی(خصوصی نامہ نگار، دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا قراردادوں سے کشمیر نہیں ملے گا، ہر سطح پر کشمیر کا مقدمہ لڑنا ہوگا۔ حکمران طبقے نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا، سن لو جو کچھ بنگلہ دیش میں ہوا تمہارا بھی وہی مقدرہوگا، ہم گھیراؤ کریں گے تو ایئر لفٹ نہیں ہونے دیں گے۔

جماعت اسلامی پاکستان کا بجلی بلوں ، بھاری ٹیکسز اور آئی پی پیز سمیت دیگر مطالبات کیلئے احتجاجی دھرنا گیارہویں روز بھی جاری رہا ، یوم استحصال کشمیر اور طلبا کنونشن منعقد کیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کشمیریوں کا پاکستان سے رشتہ کوئی نہیں توڑ سکتا، حکومت کشمیر کے حوالے سے دو ٹوک مؤقف اپنائے ، لاکھوں کشمیری شہید ہوچکے ، یاسین ملک اور آسیہ اندرابی جیل میں قید ہیں، کشمیریوں نے پیلٹ گن کا سامنا کیا، وہ آج بھی کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ لگاتے ہیں۔ ہم یہ کہنا چاہتے ہیں یہ پیغام جانا چاہیے کشمیر کی آزادی کیلئے جان دینی پڑی تو دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا حکمران طبقے نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا، شہباز شریف، زرداری تمہارا کیا بنے گا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا مغرب کے ایجنٹ حسینہ واجد کو آئرن لیڈی کہتے تھے جس نے ظلم و جبر کی بنیاد پر بنگلہ دیش کے لوگوں کا استحصال کیا۔ حافظ نعیم نے پارلیمنٹ ہاؤس اور وزیراعظم ہاؤس کے گھیراؤ کا عندیہ دیا اور کہا نوجوانو پارلیمنٹ ہاؤس ،وزیراعظم ہاؤس کے گھیراؤ کیلئے تیار ہو؟ ہم جب گھیراؤ کریں گے تو پھر ایئر لفٹ نہیں ہونے دیں گے ۔ حکومت اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کرالفاظ کا ہیر پھیر کررہی، قوم کے نوجوان تمہارا گھیراؤ کریں گے ، اپنی مراعات چھوڑو ، اپنے خون پسینے کی کمائی سے تمہاری شاہ خرچیاں برداشت نہیں کرینگے۔ شہباز شریف ایسے بالکل نہیں چلے گا، 7 مطالبات پورے کرنے پڑیں گے ، 4 دن سے حکومتی کمیٹی ہمارا سامنا نہیں کر پا رہی، ہم پرامن طریقے سے مسئلہ حل کرنا چاہتے تھے لیکن وہ نہیں سمجھ رہے ۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے دھرنا گاہ میں خطاب اور صحافیوں، میڈیا چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دھرنا 25 کروڑ عوام کی اُمیدوں کا مرکز اور فلسطین و کشمیر کے مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا مرکز بن گیا ہے ، شہداء کے خون میں بھارت اور اسرائیل غرق ہوں گے ۔ حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہم چاہتے ہیں سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق وعدے پورے کیے جائیں اور جموں و کشمیر کے عوام کو ہندوستان یا پاکستان کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں