ایک بار پھر قومی حکومت بنانے کی تجویز دیتا ہوں: اچکزئی

ایک بار پھر قومی حکومت بنانے کی تجویز دیتا ہوں: اچکزئی

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہاہے کہ ایک بار پھر قومی حکومت بنانے کی تجویز دیتا ہوں، ساری سیاسی جماعتیں عوامی مفاد کے چارٹر پر دستخط کریں، سب یہ عہد کریں کہ مینڈیٹ کا احترام اور برداشت کو فروغ دیں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محمود اچکزئی نے کہا کہ آج ایک پارٹی سندھ سے بھی شامل ہوئی ہے ، کچھ دنوں میں سندھ جائیں گے ، پاکستان میں آئین کی بحالی کیلئے کام کریں گے ۔ ظالم اور مظلوم کی لڑائی میں جو مظلوم کی حمایت نہ کرے اس کے ایمان میں شک ہے ، نوازشریف نے مجھے حکومت کا حصہ بننے کی پیشکش کی تھی، میں نے ہاتھ باندھ کر حکومت میں شامل ہونے سے معذرت کرلی، اب دانشمندی سے نئے سرے سے پاکستان کی شروعات ہونی چاہیے ، ہم ستر سال میں فری تعلیم نہیں دے سکے اپنے لوگوں کو ایک ایک ووٹ خریدنے کیلئے ستر کروڑ روپے دے دیئے جاتے ہیں، لیکن غریب عوام کیلئے کچھ نہیں ہے ، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان میں آج بھی آئین کا فقدان ہے ، جب تک ملک میں آئین وقانون کی بالادستی نہیں ہو گی عوامی رائے کا احترام نہیں کیا جائے گا حالات بہتر نہیں ہو سکتے ، دکھ، درد مصیبتیں اس لئے ہیں کہ رول آف لا نہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں