پی ٹی آئی کی یوم آزادی پر ریلیاں، لاٹھی چارج، کئی گرفتار

پی ٹی آئی کی یوم آزادی پر ریلیاں، لاٹھی چارج، کئی گرفتار

لاہور(سیاسی رپورٹرسے ،نمائندگان دنیا) تحریک انصاف نے یوم آزادی پر مختلف شہروں میں ریلیاں نکالیں، پولیس کا لاٹھی چارج، کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

لاہور میں اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی کے باہر جشن کااعلان کیا مگر جب اپوزیشن قیادت وہاں پہنچی تو اپوزیشن لیڈراورساتھی ارکان اسمبلی کو اسمبلی کے باہر جشن کی اجازت نہ ملی ، پولیس نے ایوان اقبال چوک سے اسمبلی جانے والے راستے بیریئر لگا کر بند کردیئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے کہا کیا ہم دہشتگرد ہیں ہمیں پولیس ناکے لگا کر ڈرانے کی کوشش کررہی ہے اراکین اسمبلی کو پنجاب اسمبلی نہیں جانے دیا جا رہا،پولیس ہمیں روکنے کیلئے کھڑی ہے ،ہمارے بنیادی حقوق دبائے جا رہے ہیں ہمیں جشن آزادی منانے نہیں دیا جا رہا،وزیراعلیٰ کو کہتا ہوں آپ شیشے کے گھر میں بیٹھی ہیں ،ایسا نہ کریں، اپوزیشن لیڈر کی قیادت میں ارکان اسمبلی اور کارکنوں نے پہلے ایوان اقبال چوک سے ایوان اقبال مرکزی گیٹ تک ریلی نکالی، اسی چوک میں بہت دیر آنکھ مچولی جاری رہی، اپوزیشن لیڈر اچانک گاڑیوں کے قافلے میں مال روڈ پر پہنچ گئے ، پولیس بھی پیچھے پیچھے رہی ، ارکان اسمبلی میں پارٹی پرچم تقسیم کرنے پر پولیس نے پی ٹی آئی کے دو کارکنوں کو حراست میں لے لیا ، کارکن پکڑے جانے پراپوزیشن لیڈر پولیس کی گاڑی کے آگے آگئے اور دھرنادیدیا ۔

پولیس کی جانب سے کارکنوں کو رہا کرنے کی یقین دہانی پر اپوزیشن نے مال روڈ پر اپنا احتجاج ختم کردیا۔ملک احمد بھچر نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے ملک عثمان اور کارکنوں کو برکی پولیس سٹیشن میں بند کر رکھا ہے ،ادھر فرخ جاوید مون کی طرف سے برکت مارکیٹ سے جیل روڈ تک موٹرسائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا، قیادت حماد اظہر نے کی، حماد اظہر نے کہا فارم 47 والی حکومت چند دنوں کی مہمان ہے ۔وفاقی دارالحکومت میں تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر عامر مغل کو ڈی چوک میں منعقدہ ریلی میں شرکت پر گرفتار کرلیا گیا۔ساہیوال میں تحریک انصاف کے رہنما پیر طارق قیوم شاہ کھگہ ٹکٹ ہولڈر پی پی 197کو پولیس نے ملکہ ہانس سے گرفتار کر کے تھانہ کلیانہ منتقل کر دیاجبکہ مہر معین چشتی کے ڈیرے کو تالے لگا دئیے گئے جبکہ دیگر رہنما بھی غائب ہو گئے ،ساہیوال میں یوم آزادی ریلی نکالنے والے پی ٹی آئی رہنما چودھری آصف سمیت 5کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ 40نامعلوم ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ،عدالت نے مقدمہ خارج کرکے گرفتار ملزم رہا کر دئیے ۔

پی ٹی آئی ویسٹ ریجن پنجاب کے نائب صدر آصف علی کی قیادت میں مڈھالی روڈ سے سرور چوک تک ریلی نکالی گئی ، جب ریلی سرور چوک پہنچی تو فرید ٹائون پولیس نے آصف علی،شہبازخان ،شوکت علی،رضوان شاہ اور سید شاکر شیرازی کو گرفتارکرلیا ،گرفتارملزموں کو ڈیوٹی مجسٹریٹ محمد عارف خان نیازی کی عدالت میں پیش کیا تومجسٹریٹ نے مقدمہ خارج کرکے ملزموں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔ظفر وال میں پی ٹی آئی کارکنوں نے موٹرسائیکل ریلی نکالی،کارکنوں نے پاکستانی پرچم کے ساتھ پی ٹی آئی کے جھنڈے پکڑے ہوئے تھے ختم نبوت چوک ظفروال میں پولیس نے پی ٹی آئی کے پرچم کارکنوں سے چھین لیے اور لاٹھی چارج کیا 11 کے قریب پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔وہاڑی میں تحریک انصاف نے پارٹی دفترسے جناح روڈ تک ریلی نکالی، پولیس نے بھاری نفری سمیت دھاوا بول دیا، سابق ایم این اے اور ضلعی صدر طاہر اقبال چودھری کو گرفتار کرنے کی کوشش میں پولیس اور کارکنوں کے درمیان جناح روڈ میدان جنگ بن گیا، کارکنوں نے لاٹھی چارج کی پروا کئے بغیر طاہر اقبال چودھری کو پولیس کی تحویل سے چھڑوالیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں