ملک بھر میں جشن آزادی ،جوش ،ولولہ ،مزار اقبال و قائد پرگارڈزکی تبدیلی

ملک بھر میں جشن آزادی ،جوش ،ولولہ ،مزار اقبال و قائد پرگارڈزکی تبدیلی

اسلام آباد،لاہور، کراچی(خصوصی رپورٹر ، سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)ملک بھر میں جشن آزادی بھرپور طریقے سے منایا گیا،ریلیوں ، ٹیبلوز ،ڈرون شو سمیت مختلف تقریبات میں قومی ہیروز اور آبائواجداد کی قربانیوں کو اجاگر کیا گیا۔

جنہوں نے اپنی غیر متزلزل جدوجہد میں آزادی کے لئے لازوال قربانیاں دیں،دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا،فجر کے وقت ملک بھر کی مساجد میں پاکستان کیلئے امن، یکجہتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں،وفاقی دارالحکومت اور تمام صوبائی دارالحکومتوں، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ اسلام آباد ایف نائن پارک میں جشن آزادی کی تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر پاکستان کے پہلے ڈرون شو کا اہتمام بھی کیا گیا ،نامور فنکاروں کی شاندار پرفارمنس سمیت پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے جیولین تھرور ارشد ندیم نے بھی شرکت کی۔ 500 ڈرونز نے بیک وقت آسمان پر پاکستانی پرچم اور دیگر شاندار مناظر کی عکاسی کی۔ لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز تبدیلی کی تقریب ہوئی، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے ، قبل ازیں رینجرز کا دستہ فرائض انجام دے رہا تھا۔

جی او سی شعیب بن اکرم کمانڈنگ آفیسر 10ڈویژن تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، انہوں نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔کراچی میں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے ۔گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کے اراکین نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی،گورنرنے احاطے میں پرچم کشائی بھی کی۔کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخارنے بھی مزار قائد پر حاضری دی۔دریں اثنا واہگہ بارڈر پر پاکستانی پرچم اتارنے کی شا ندار تقریب کا انعقاد کیا گیا ، رینجرز کی پریڈ دیکھنے کے لئے تقریب میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی ، اس موقع پر تقریب کے شرکا نے یک زبان ہو کر پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا ، فضا اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گو نج اٹھی ، پنجاب رینجرز کے شیر دل جوانوں کی للکار سے دشمن پر ہیبت طاری ہو گئی ، پنجاب رینجرز کے دستے میں خواتین اہلکار بھی شامل تھیں۔ پاکستان کے بلند ترین مقام خنجراب ٹاپ پر بھی پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان اور کمانڈر ایف سی میجر جنرل کاشف خلیل نے گلگت بلتستان میں پرچم کشائی کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں