طوفان اسنا گوادرسے 300کلومیٹردور،حفاظتی اقدامات مکمل

طوفان اسنا گوادرسے 300کلومیٹردور،حفاظتی اقدامات مکمل

کراچی ،لاہور ،کوئٹہ (نمائندگان ،مانیٹرنگ ،ایجنسیاں)طوفان اسنا کراچی کو چھو کر گزر گیا ،تیزہواؤں سے کئی درخت اکھڑ گئے ، بجلی کے پول گر گئے ، 3 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں ہے اورمغرب کی جانب بڑھ رہا ہے جو کراچی کے جنوب مغرب سے 230 کلو میٹر دور ہے ۔ سمندری طوفان بلوچستان کی ساحلی پٹی سے قریب ہورہا ہے ، طوفان اورماڑہ سے 180کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور گوادر سے 300 کلومیٹر دور ہے اورصوبائی حکومت نے کسی ناگہانی کی صورت میں حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دیدی ہے ۔ طوفان کا رخ عمان کی جانب ہوگا جبکہ طوفان کا کسی ساحل سے ٹکرانے کاامکان نہیں اور سمندر میں ہی کمزور ہوکر ختم ہوجائیگا ۔ بلوچستان کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہوئیں جس سے مکانات کو نقصان پہنچا۔ پہاڑی برساتی ندی نالوں میں اونچے درجے کاسیلاب ہے جبکہ دکی، قلعہ سیف اللہ اور لورالائی میں 6 افراد ریلوں میں بہہ گئے جن کی تلاش جاری ہے ۔ جھل مگسی میں مسافر وین سیلاب میں بہہ گئی جس کے بعد وین میں سوار 5 افراد نے درختوں پر پناہ لی جنہیں بعد میں ریسکیو کر لیا گیا،اسی علاقے میں ایک کار بھی ریلے میں بہہ گئی جس کے ڈرائیور کو بچالیاگیا، ہرنائی کی کھوسٹ ندی کے ریلے میں 2 افراد پھنس گئے ، سیلابی ریلوں کی وجہ سے ہرنائی کوئٹہ روڈ پر ٹریفک معطل ہوگیا۔ خلیج بنگال میں ہوا کا شدید کم دباؤ شدت اختیار کرکے ڈپریشن بن گیا،یہ سسٹم بھارتی گجرات اور راجستھان پراثرانداز ہوگا اور آئندہ تین سے چار روز میں مشرقی سندھ پراثرانداز ہوسکتا ہے ۔ دوحہ سے کراچی پہنچنے والی غیرملکی پرواز لینڈ نہ کرسکی جسے مسقط اتارا گیا، ادیس ابابا سے آئی پرواز ایک گھنٹہ چکر کاٹنے کے بعد لینڈ نہ کرسکی ۔بھمبرنالے میں طغیانی کے با عث 10سے زائد دیہات میں پانی داخل اورفصلیں تباہ ہوگئیں، مکان کی چھت گرنے سے 7 افراد زخمی ہوگئے ۔ وادی کمراٹ سے 200سیاحوں کو نکال لیاگیا۔ بلوچستان کے اضلا ع دکی، قلعہ سیف اللہ اور لورالائی میں 6 افراد ، جھل مگسی میں مسافر وین اور کار ریلوں میں بہہ گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں