غزہ مارچ :سابق سینیٹر مشتاق احمد ، اہلیہ،20مظاہرین زیرحراست

غزہ مارچ :سابق سینیٹر مشتاق احمد ، اہلیہ،20مظاہرین زیرحراست

اسلام آباد (دنیا نیوز، ایجنسیاں )اسلام آباد میں غزہ مارچ کے دوران پولیس نے سابق سینیٹر اور جماعت اسلامی کے رہنما مشتاق احمد ان کی اہلیہ اور 20کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

 مظاہرین کو قیدی وین میں ڈال کر مختلف تھانوں میں منتقل کردیا گیا ،حراست میں لئے گئے مظاہرین میں خواتین اور سابق سینیٹر مشتاق احمد کا بیٹا بھی شامل ہے ، جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد کی جانب سے ایکسپریس چوک پر غزہ بچا ئو مہم کے تحت احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا۔تاہم جیسے ہی مظاہرین احتجاجی مقام پر پہنچے تو اسلام آباد پولیس نے انہیں منتشر ہونے کی ہدایت کی ۔پولیس نے جب غزہ بچا ئو مہم کے سربراہ مشتاق احمد کو حراست میں لیا تو کار کنوں نے شدید نعرے بازی کی۔بعد ازاں مظاہرین کے منتشر نہ ہونے پر پولیس کی بھاری نفری، قیدی وین اور خواتین اہلکار ایکسپریس چوک پہنچیں جنہوں نے مشتاق احمد اور انکی اہلیہ کو حراست میں لے کر قیدی وین میں تھانے منتقل کیا ۔اسلام آباد پولیس کے مطابق مشتاق احمد کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا ہے ، پولیس کی جانب سے مظاہرین کی پیش قدمی روکنے کے لئے سڑک پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کردئیے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں