سیاسی جماعتوں کا مل بیٹھنا دیوانے کا خواب :تھنک ٹینک

سیاسی جماعتوں کا مل بیٹھنا دیوانے کا خواب :تھنک ٹینک

لاہور (دنیا نیوز )تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاہے کہ اگررانا ثنا اللہ پارلیمنٹ ہاؤس میں محمود اچکزئی سے ملتے ہیں تواس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہرسیاسی جماعت کہتی ہے بات چیت ہونی چاہئے ۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’تھنک ٹینک‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ ایسے کوئی آثار نظر نہیں آرہے کہ ن لیگ پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنا چاہتی ہو، جن کے پاس قوت ،اختیا ر ہے و ہ اس وقت تحریک انصاف کے ساتھ بات چیت کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں،تحریک انصاف بھی مذاکرات کرنے کے موڈ میں نہیں ہے ،آج اسٹیبلشمنٹ کا رویہ بدل جائے تو ن لیگ کا کوئی بندہ 9مئی پر تحریک انصاف سے معافی کامطالبہ نہیں کرے گا۔ دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام لانا ہے تو سیاسی لیڈرز کو آپس میں سرجوڑناہوں گے ،ن لیگ نے رانا ثنا اللہ کو مذاکرات کیلئے کوئی گرین سگنل نہیں دیا۔نوازشریف نے اپنے لوگوں کو کہا ہے کہ جب تک وہ 9 مئی کے واقعات پر ندامت کا اظہار نہیں کرتے ، اس وقت تک ان سے مذاکرات نہیں ہوسکتے ۔ تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ مذاکرات کے حوالے سے باتوں کی کوئی اہمیت نہیں ،سیاستدان ایسے بیانات دیتے رہتے ہیں،ریاستی ادارے ، وفاقی ،صوبائی حکومتیں ،تمام سیاسی جماعتیں بشمول تحریک انصاف مل کربیٹھیں،یہ دیوانے کا خواب ہے ۔ تجزیہ کار رشید صافی کا کہنا تھا کہ احسن اقبال اورخواجہ آصف کہتے ہیں کہ مذاکرات نہیں کرنا چاہتے تو یہ ان کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے کیونکہ ن لیگ کی لیڈرشپ کی طرف سے رانا ثنا اللہ کے مذاکرات والی بات کی تردید نہیں آئی ، مجھے اس بات کی حیرت ہے کہ کہا جاتاہے کہ تحریک انصاف 9مئی پر معافی مانگے ، کیامعافی سے جرم ختم ہوجاتاہے ؟۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں