بجلی نرخ کمی معاہدہ پرعملدرآمد کیلئے جدوجہد جاری:حافظ نعیم

بجلی نرخ کمی معاہدہ پرعملدرآمد کیلئے جدوجہد جاری:حافظ نعیم

لاہور(سیاسی نمائندہ،سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ معاہدہ پر اپوزیشن جماعتوں میں سے پروپیگنڈا کرنے والے جان لیں ، اس کا نقصان عوام کو فائدہ حکومت کو ہورہا ہے ۔

ہماری جدوجہد میں کمی نہیں آئے گی، بجلی نرخ کمی معاہدہ پر عملدرآمد کیلئے دھرنا، لانگ مارچ، شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتالوں سمیت تمام آپشنز موجود ہیں۔ ایک بادشاہ سلامت نے اپنی شہزادی کے ساتھ بیٹھ کر دوماہ کیلئے اپنی طرف سے خیرات کا اعلان کردیا، ہمیں خیرات نہیں پورے ملک کیلئے حق چاہیے ۔پورے ملک میں ممبرشپ مہم کا آغاز کردیا، آن لائن ممبر شپ بھی ہورہی ہے ، گلی گلی بھی جائینگے ، خواتین ممبرزبھی بنائی جائینگی،عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد اور ملک و قوم کی خدمت کرنیوالوں کیلئے ہمارے دروزے کھلے ہیں، تاجرمتحد ہوکر ہمارا ساتھ دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں تاجر رہنماؤں سے نشست پر کیا۔

سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، نائب امیرڈاکٹر اسامہ رضی، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر لاہور ضیاالدین انصاری بھی موقع پر موجود تھے ۔ لاہور کے تاجر رہنماؤں سے ٹیکسز کیخلاف آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت ہوئی۔حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی پارٹی سے اتحاد نہیں کرے گی، ہم عوام، تاجروں، صنعتکاروں، طلبہ، کسانوں، مزدوروں سے اتحاد کرینگے ، تمام پارٹیز کے ورکرز کودعوت دیتے ہیں کہ حق دو تحریک کا حصہ بنیں۔ن لیگ، پی پی کی طرح پی ٹی آئی نے بھی آئی پی پیز کو چھوٹ دی، یہ سب باجوہ کی ایکسٹینشن پر ایک تھیں، انہوں نے سٹیٹ بینک کو ملکر خود مختاری دی اورسودی معیشت بھی جاری رکھی، جماعت اسلامی نے ڈٹ کر ان فیصلوں کی مخالفت کی۔ ممبرشپ مہم کے بعدعوامی کمیٹیاں بناکر قومی ایجنڈے کے تحت پرامن مزاحمت کا آغاز کرینگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں