190ملین پاؤنڈ :بشریٰ کی درخواست بریت پر فیصلہ آج

190ملین پاؤنڈ :بشریٰ کی درخواست بریت پر فیصلہ آج

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )قومی احتساب بیورو (نیب) کے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا جو آج جمعرات کوسنایا جائیگا ۔

اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید  رانا ، بشریٰ بی بی کی درخواست بریت پر فیصلہ سنائیں گے ۔عدالت میں نیب کی جانب سے بشریٰ بی بی کی درخواست بریت کی مخالفت کی گئی تھی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث نیب تفتیشی افسر پر جرح نہ ہوسکی۔وکیل عثمان ریاض گل نے بشریٰ کی بریت کی درخواست پر دلائل دیئے ۔عدالت نے چیئرمین نیب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست غیرمؤثر قرار دے دی۔ علاوہ ازیں جیل انتظامیہ کی جانب سے ملاقاتیوں کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت نہ دینے کے معاملہ پر وفاقی و صوبائی سیکرٹری داخلہ کیخلاف اسلام آبادہائیکورٹ میں توہین عدالت کی دائر درخواست پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان آج سماعت کریں گے ۔ درخواست میں وفاقی و صوبائی سیکرٹری داخلہ کے علاوہ اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ عبد الغفور انجم، آئی جی پریزنز پنجاب کو فریق بناتے ہوئے کہاگیاکہ جیل انتظامیہ کی جانب سے وکلا اور سیاسی معاونین کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جا رہا،ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اعجازاسحاق خان کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکلا فیصل چودھری اور نعیم پنجوتھا کو اڈیالہ جیل میں جانے سے روکنے کے خلاف درخواست میں سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو نوٹس جاری کر دیا۔جسٹس اعجاز اسحاق نے کہاکہ وکلا کی غیر موجودگی میں عدالتی کارروائی کی کوئی قانونی حیثیت تصور نہیں کی جائے گی، کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں