اسلحہ وشراب برآمدکیس:علی امین کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری،آج گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

اسلحہ وشراب برآمدکیس:علی امین کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری،آج گرفتار کر کے پیش کرنے  کا حکم

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ، خصوصی رپورٹر ) سول جج شائستہ خان کنڈی نے اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور کی طبی بنیادوں پر حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ، عدالت نے ایس ایچ او تھانہ بہارہ کہو کو آج گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔

تھانہ بہارہ کہو میں اسلحہ و شراب برآمدگی کے درج مقدمہ کی سماعت کے دوران گنڈاپور کے وکیل ظہور الحسن راجہ پیش ہوئے ، عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کہاں ہے صبح سے تین مرتبہ کیس کال ہوا وہ پیش نہیں ہوئے ۔ معاون وکیل فتح اللہ برکی نے کہا پشاور میں سیلاب کی صورتحال ہے ۔ جج نے کہا کیا آپ کو پتہ ہے گزشتہ تاریخ پر وکیل کو کہا تھا کہ آپ کے یہ معاملات چلتے رہیں گے ۔عدالت نے ظہور الحسن سے استفسار کیا کہ آپ کا انڈر ٹیکنگ کیا تھا ،یاد ہے ،وکیل نے کہاعلی امین کی میڈیکل رپورٹ جمع کروائیں گے طبیعت ناساز ہے ۔ جج نے کہا آپ کے وکیل نے کہا سیلاب کا مسئلہ ہے آپ کہہ رہے ہیں طبیعت ناساز ہے ، آپ کو میں نے پچھلی مرتبہ بھی ریلیف دیا۔

آپ نے کہا لمبی تاریخ دیں ، میں نے دی ،سپریم کورٹ کی ججمنٹ ہے کیس آخری مراحل میں ہو تو بریت کی طرف جانا نہیں میرٹ پر فیصلہ کیا جائے ۔ آٹھویں مرتبہ 342 کا بیان ریکارڈ نہیں ہوا پھر کہتے ہیں فیئر ٹرائل کا حق نہیں ملتا ۔ وکیل نے کہا یہ زیادتی ہے ملزم ایک صوبے کے چیف منسٹر ہیں ، میں موجود ہوں آپ اس کے باوجود سخت آرڈر کر رہی ہیں ۔ جج نے کہا اگر کیس میں کچھ نہیں تو بہادر بنیں اور عدالت کا سامنا کریں، عدالت نے میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا اور علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردئیے ۔ بعدازاں عدالت نے وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا۔ دوسری جانب وارنٹ گرفتاری تھانہ بہارہ کہو پولیس کو موصول ہو گئے ، فوری تعمیل کا حکم دیا گیا ہے ، اسلام آباد پولیس نے علی امین کے وکلا سے بھی وارنٹ کی تعمیل کروا دی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں