وزیراعلیٰ پختو نخوا اعتماد کا ووٹ لیں:گورنر کا پھر مطالبہ

 وزیراعلیٰ پختو نخوا اعتماد کا ووٹ لیں:گورنر کا پھر مطالبہ

پشاور ، اسلام آباد (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک، سٹاف رپورٹر )گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے ، انہوں نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے اعتماد کا ووٹ لینے کا بھی مطالبہ کر دیا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ اسمبلی جانے سے کترا رہے ہیں ، اجلاس نہ بلانے سے لگ رہا ہے کہ وزیراعلیٰ اعتماد کھوچکے ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعتماد کا ووٹ لے لیں، میرے مطابق وزیراعلیٰ کے پاس صوبے میں اکثریت نہیں۔گورنرخیبرپختونخوا نے کہا کہ مجھے سمری پر دستخط کرنے میں کوئی جلدی نہیں ، سمری آئی ہے اس پر پاؤں نہیں رکھونگا ، کسی قانونی ماہرین سے مشاورت نہیں کی ، مجھے لوگ ٹیلی فون کر رہے ہیں کہ کیا ہوا سمری کا؟۔ان کاکہنا تھا کہ کابینہ میں کیوں ردوبدل کیا جارہا ہے قوم کو بتایا جائے ، اگر یہ ممبران کرپٹ ہیں یا پھرنا اہل ہیں تو قوم کو بتایا جائے ، کابینہ میں ردوبدل کیوں کیا جارہا ہے ۔ادھر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور جمعیت علمائے اسلام کے اکرم درانی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سیاسی معاملات اور صوبہ میں امن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی خان نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی ، گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ امن کی ابتر صورتحال انتہائی پریشان کن اور صوبہ کیلئے ناقابل تلافی نقصان کا سبب ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں