ریاست کو کمزور کرنیوالی کوئی تحریک قبول نہیں:وزیراعظم:قومی یکجہتی کیلئے ضروری ہے کہ سیاسی اختلافات کو نقرتوں میں نہ ڈھلنے دیا جائے:آرمی چیف
راولپنڈی (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو)راولپنڈی میں یوم دفاع اورشہدا کے حوالے سے خصوصی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم شہبازشریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔جی ایچ کیو آمد پر وزیراعظم کو سلامی پیش کی گئی جبکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اُن کا استقبال کیا۔
وزیراعظم نے جی ایچ کیو میں شہدا کی یادگار پر پھول رکھے ۔ پُروقار تقریب میں وزیراعظم اور آرمی چیف کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت حکومتی شخصیات، عسکری حکام اور شہدا کی فیملیز نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانہ اور تلاوت کلام پاک سے ہوا، میزبانی کے فرائض لیفٹیننٹ کرنل عمیر بنگش اور کیپٹن عائشہ شوکت خان نے انجام دئیے ۔ دونوں میزبانوں نے یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں شرکت پر وزیراعظم اور آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں شہدا کے آخری خطوط اور لمحات کے حوالے سے شہید کی ڈائری کے نام سے ویڈیو چلائی گئی جس میں شہدا کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا گالی یا گولی کسی مسئلے کا حل نہیں، ریاست کو کمزور کرنے والی کوئی بھی تحریک قوم کوقبول نہیں، ہم نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے ۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا قومی یکجہتی کیلئے ضروری ہے کہ سیاسی اختلافات کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیا جائے ۔شہباز شریف نے اپنی تقریر میں کہا یوم دفاع پاکستان ہماری قومی شناخت کا عظیم حوالہ ہے ، یہ دن ان تمام شہدا کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن کی آزادی اور تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان جان نثاروں کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے ۔انہوں نے کہا لاہور جم خانہ میں چائے پینے کا خواب دیکھنے والا دشمن اسلحہ پھینک کر اس سے بھی زیادہ تیزی سے فرار ہوگیا تھاجس رفتار سے اس نے پاکستان کی سرحدوں کو عبور کرنے کی فاش غلطی کی تھی، ملٹری میوزیم میں موجود شرمناک فرار کے ثبوت ہماری آنے والی نسلوں کو افواج اور قوم کے بے مثال اتحاد اور فتح کی یاد دلاتے رہیں گے ۔ شہباز شریف نے کہا پاکستان کی سرحدیں امن کی سرحدیں ہیں، قوموں کوخوشحالی کی منزل امن سے ملتی ہے ، امن کے خواہاں ہیں، اپنی آزادی اورخودمختاری پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی اتفاق رائے موجود ہے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔
شہباز شریف نے کہا پاکستان کی حفاظت، ترقی اورخوشحالی ہم سب کی ذمہ داری ہے ، تمام ہمسائیوں کے ساتھ پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں، قوموں کی تقسیم ریاست کوکمزور کرتی ہے ، کشمیریوں اورفلسطینیوں کے لیے پاکستان آوازبلند کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا جنگ ستمبرمیں ہمارے جوانوں نے بے مثال بہادری سے دشمن کے عزائم خاک میں ملائے ، وطن پرلخت جگرقربان کرنے والی عظیم ماؤں کوسلام پیش کرتا ہوں، عظیم ماؤں کے بیٹوں کی قربانیوں کورائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا عزم استحکام کسی نئے آپریشن کا نام نہیں، نیشنل ایکشن پلان کی کڑی ہے ، عزم استحکام کے دوران کوئی بے گھر نہیں ہوگا۔ وطن عظیم کے تمام بہادر شُہدا اور غازیوں کو خراجِ تحسین اور شہدا کے درجات کی بُلندی کے لئے دعا گو ہوں جن کے مقدس خون نے پاک سر زمین کی مٹی کی آبیاری کی۔آرمی چیف نے کہا افواجِ پاکستان اور عوام اپنی سالمیت کا دفاع جانتے ہیں اور کبھی مذموم ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین پاکستانیت کا ناگزیر حصہ ہے ۔آرمی چیف نے اتحاد اور یگانگت کی صفات اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا معاشرتی و سماجی معاملات میں اخوت، ہم آہنگی، برداشت اور بُردباری کا مظاہرہ کریں مذہبی عدم برداشت سے بالا تر رہ کر آئین کے مطابق اقلیتوں کے حقو ق کا مکمل تحفظ کریں۔جنرل سید عاصم منیر نے کہا قومی یکجہتی کیلئے ضروری ہے کہ سیاسی اختلافات کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیا جائے ، قائد کے رہنما اُصول، ایمان، اتحا د اور تنظیم ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، عظیم قوم کے جذبوں کو سلام جنہوں نے افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ طاغوتی قوتوں اور دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا پاکستانی قوم جّری اور بہادر قوم ہے ، دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ میں قربانیوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے جو دہشتگردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا، ان شاء اللہ، ہمارا اصل اثاثہ نوجوان ہے ، قومی یکجہتی کوکمزورکرنے کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہونگے ، غیرملکی شہ پر فساد فی الارض برپا کرنے والوں پرآئندہ بھی زمین تنگ رہے گی۔آرمی چیف نے کہا عزم استحکام کسی نئے آپریشن کا نام نہیں، عزم استحکام کے دوران کوئی بے گھر نہیں ہوگا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے اورجاری رہے گا، انتشار اور مایوسی پھیلانے والے تمام عوامل کوہم آہنگی کے ساتھ شکست دیں گے ، جنوبی ایشیا میں پائیدارامن کا قیام مسئلہ کشمیرکے حل سے مشروط ہے ، حق خوداردایت ملنے تک کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا فلسطین کا تنازع دُنیا کے لئے انتہائی قابل فِکر سوالیہ نشان ہے ، اسرائیلی جارحیت و بربریت اور فلسطینیوں کا استحصال انسانیت اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ، سفارتی سطح پر پاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینیوں پر بربریت کی روک تھام کے لئے سرگرم ِ عمل رہے گا۔قبل ازیں یوم دفاع پر اپنے پیغام میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ڈیجیٹل دہشتگردی اور ففتھ جنریشن وار روایتی دہشتگردی کے برعکس زیادہ خطرناک اور پیچیدہ ہے لیکن جب تک ہم متحد رہیں گے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ان کا کہنا تھا جنگ ستمبر کے موقع پر قومی یکجہتی کا جذبہ ہمارے لیے سرمایہ افتخار ہے ۔انہوں نے کہا وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے عزم کے ساتھ عہد کریں کہ ہم متحد رہیں گے ، عہد کریں کہ اختلافات بھلاکر مثالی یکجہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں گے ۔