پاک،ایران تجارتی حجم10ارب ڈالر تک پہنچایا جاسکتا،کاٹی
کراچی (بزنس رپورٹر)کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کے صدر جنید نقی نے کہا ہے کہ ایران اورپاکستان کے درمیان تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک پہنچایا جاسکتا ہے ۔۔
موجودہ دو طرفہ تجارتی حجم 2.4 ارب ڈالر توقعات سے کم ہے جس میں پاکستان کا صرف ایک تہائی حصہ ہے ۔ عالمی پابندیوں کے باوجود ایران کی تجارت 100 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی جو قابل تعریف ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے تجارتی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی سربراہی قزوین چیمبر آف کامرس ، انڈسٹری ، مائنز اور ایگری کلچر کے چیئرمین جعفر الہ وردیہا اور ایرانی قونصلیٹ کے کمرشل اتاشی مراد نعمتی کر رہے تھے ۔ کاٹی کے صدر جنید نقی نے مزید کہا کہ ایران پہلا برادر ملک ہے جس نے آزادی کے بعد پاکستان کو تسلیم کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے ٹیکسٹائل، فارما سیوٹیکل، لیدر اور فوڈ پروڈکٹس کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں۔